پاکستان کشمیریوں کیساتھ،حق خودارادیت ملنے تک چین سےنہیں بیٹھیں گے:وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے 27 اکتوبریوم سیاہ کشمیر کےموقع پر جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج بوجھل دل کے ساتھ ہم کشمیر کے حوالے سے ایک اور یوم سیاہ منا رہے ہیں ،27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں اپنی فوجیں غیرقانونی طور پر اتاردی تھیں، بھارت تب سے اس علاقے پر زبردستی اورغیرقانونی طور پر قبضہ جاری رکھے ہوئے ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ 75 برس سے کشمیر کے عوام بھارتی جبر کا بہادری سے مقابلہ کر رہے ہیں، منصفانہ جدوجہد میں پاکستان کے عوام کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، پاکستان کے عوام کشمیریوں کو آزادی کی جدوجہد پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں، دنیا کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آنکھیں بند نہیں کرنی چاہئیں، طاقت کے بل بوتے پر کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو کچلا نہیں جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کاز کے حوالے سے پاکستان اپنی بھرپور حمایت جاری رکھے ہوئے ہے، پاکستان نے مقبوضہ علاقے میں بھارتی مظالم کے خلاف مسلسل آواز اٹھائی ہے، پاکستان عالمی برادری پر مسلسل زور دیتا رہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے مسئلے پر اپنا کردار ادا کرے، جموں و کشمیر کے تنازع کا واحد حل سلامتی کونسل کی قراردادوں میں مضمر ہے۔وزیر اعظم نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ہمارا سب سے بڑا اثاثہ اس بنیادی مسئلے پر قومی اتفاق رائے ہے، ہمارے پیارے قائد نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا، پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑا رہے گا، چاہے کوئی بھی قیمت کیوں نہ ادا کرنا پڑے، کشمیریوں کو حق خودارادیت ملنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

تبصرے بند ہیں.