پاکستان کا ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ، جنوبی افریقہ کی بیٹنگ جاری

دورہ افریقہ کے دوران پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد پروٹیز کی بیٹنگ جاری ہے۔ ٹاس کے بعد جنوبی افریقہ کے ٹی ٹوئنٹی کے کپتان فاف ڈوپلیسی نے کہا کہ، پچ پر گھاس موجود ہونے سے بولروں کو باؤنس کرانے میں آسانی ہوگی، پاکستان کے خلاف یو اے ای میں سیریز جیتنے کے بعد ٹیم کا مورال بلند ہے اور ہم ہوم سیریز بھی جیتنے کے لئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے میچ کے لئے اے بی ڈیویلیرز اور ریان میکلارین کو آرام دیا گیا ہے اور ان کی جگہ جے پی ڈومینی اور مورنے مورکل کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ اس موقع پر قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد حفیظ نے کہا کہ ہم دبئی پچھلی سیریز بھلا کر نئے عزم کے ساتھ کھیلیں گے اور ان غلطیوں پر قابو پانے کی کوشش کریں گے جن کے باعث ہمیں یو اے ای سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ سعید اجمل اور عبد الرحمان کی جگہ بلاول بھٹی اور انور علی کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے جبکہ عبد الرزاق اور شعیب ملک ان فٹ ہونے کے باعث سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.