جب نجم سیٹھی سے ملاقات ہی نہیں ہوئی تو کوچ بننے کا سوال کیسا، وقار یونس

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اورکوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ نگراں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی سے ان کی ملاقات ہی نہیں ہوئی ہے تو کوچ کے عہدے کی پیشکش اور شرائط کا سوال کیسے کر سکتا ہوں۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو دیئے گئے انٹر ویو میں وقار یونس کا کہنا تھا کہ نجم سیٹھی سے ان کی کوئی ملاقات ہی نہیں ہوئی ہے تو کوچ کے عہدے کی پیشکش یا شرائط کا مطالبہ کیسے کر سکتا ہوں، اگر پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ان سے رابطہ کیا گیا تو وہ ضرور بات کریں گے لیکن فی الحال ان سے کسی نے کوئی بات نہیں کی ہے۔ کوچ کے عہدے کی پیشکش کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر وقاریونس کا کہنا تھا کہ یہ کہنا قبل ازوقت ہے کیونکہ ڈیوواٹمور اب بھی پاکستانی ٹیم کے کوچ ہیں، جب پاکستان کرکٹ بورڈ نئے کوچ کے لیے اشتہار دے گا تو یقیناً وہ اس بارے میں سوچیں گے۔ وقاریونس نے کہا کہ واٹمور کے معاہدے کی تجدید نہ کیے جانے کا میڈیا میں اعلان کر دینا مناسب نہیں، اس سے ٹیم پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں کیونکہ ابھی جنوبی افریقہ کے دورے کے بعد ٹیم کو سری لنکا کے خلاف متحدہ عرب امارات میں سیریز کھیلنی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے موجودہ کوچ ڈیو واٹمور کے معاہدے کی تجدید نہ کیے جانے کے اعلان کے بعد کوچ کے عہدے کے لیے متعدد نام ذرائع ابلاغ میں زیر گردش ہیں، یہ بھی کہا گیا کہ پی سی بی کے نگراں چیئرمین نجم سیٹھی نے گذشتہ دنوں وقار یونس سے دبئی میں ملاقات کی اور انہیں کوچ کے عہدے کی پیشکش کی تھی جس پر وقار یونس نے چند شرائط رکھی ہیں۔

تبصرے بند ہیں.