اسلام آباد (ہیلتھ رپورٹر)دنیا بھر کو متاثر کرنے والی عالمی وبا کورونا وائرس پاکستان میں بھی زور پکڑ چکی ہے اور گزشتہ 3 روز سے لگاتار ہزاروں کیسز سامنے آنے کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد چین سے تجاوز کرچکی ہے۔آج ( 5 جون کو ) مزید 444 کیسز سامنے آنے کے بعد اب تک ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد 87 ہزار 209 اور جبکہ اموات 1816 ہوگئیں، واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی عالمی وبا کو 3 ماہ سے زائد عرصہ گزر چکا ہے اور اس عرصے کے دوران وبا کے پھیلاو¿ میں اضافہ بھی ہوا جبکہ مئی کا مہینہ اب تک کا بدترین ماہ ثابت ہوا۔ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں میں اضافے کو دیکھا جائے تو 26 فروری کو پہلا کیس سامنے آیا جس کے بعد 31 مارچ تک مریضوں کی تعداد تقریباً 2 ہزار تھی جبکہ 18 مارچ کو پہلی موت کے بعد اسی ماہ کے اواخر تک یہ تعداد 26 تک پہنچی تھی ، تاہم اپریل میں عالمی وبا کے کیسز میں اضافہ ہوا اور اسی ماہ کے اختتام تک متاثرین کی تعداد ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئی تھی جبکہ اموات بھی بڑھ کر 385 ہوگئی تھی، جس کے بعد مئی کے مہینے میں اس صورتحال میں نیا موڑ آیا اور صرف 31 روز میں 54 ہزار سے زائد کیسز جبکہ 1100 سےاموات کے بعد مجموعی کیسز کی 71 ہزار سے زائد اور اموات کی تعداد 1500 سے تجاوز کرگئی، اس کے بعد رواں ماہ جون کا آغاز بھی کچھ اچھا نہیں رہا اور گزشتہ 4 روز میں یومیہ 3 سے 4 ہزار کیسز کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔علاوہ ازیں گزشتہ روز ملک میں کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے ایک دن میں سب سے زیادہ20 ہزار 167 ٹیسٹ کیے گئے۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد جو وائرس کے پھیلاو¿ کی ابتدا میں کافی کم متاثر تھا وہاں اب کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافے کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے، سرکاری سطح پر جاری اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں ایک روز میں ریکارڈ 402 کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ مزید 3مریض زندگی کی بازی ہار گئے، نئے اضافے کے بعد اب تک اسلام آباد میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 3544 سے بڑھ کر 3946 تک پہنچ گئی ہے۔ادھر گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا تاہم یومیہ کیسز کی تعداد گزشتہ روز کے مقابلے میں کم رہی، سرکاری سطح پر جاری اعداد و شمار کے مطابق آج گلگت بلتستان میں مزید 28 افراد عالمی وبا سے متاثر ہوئے، مذکورہ اضافے کے بعد گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 824 سے بڑھ کر 852 تک پہنچ گئی۔علاوہ ازیں ملک میں کورونا وائرس سے سب سے کم متاثر ہونے والے علاقے آزاد کشمیر میں 14 کیسز سامنے آئے، سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کیسز میں اضافے کے بعد آزاد کشمیر میں عالمی وبا کے متاثرین کی تعداد 285 سے بڑھ کر 299 ہوگئی۔ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کی خطرناک ہوتی صورتحال کے باوجود اس مرض سے صحتیاب افراد کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں مزید 1070 افراد نے وائرس کو شکست دی، مذکورہ اضافے کے بعد پاکستان میں عالمی وبا سے صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد 30 ہزار 128 سے بڑھ کر 31 ہزار 198 ہوگئی۔
کورونا وائرس کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر ملک کی مجموعی صورتحال کچھ یوں ہے، مصدقہ کیسزکی تعداد 87209، اموات 1816، صحتیاب 31198اور فعال کیسزکی تعداد 54195ہے ۔سرکاری سطح پر فراہم کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک میں سب سے زیادہ صوبہ سندھ متاثر ہے اور وہاں کیسز 33 ہزار 536 ہیں، جس کے بعد پنجاب میں31 ہزار 104 افراد متاثر ہوچکے ہیں، خیبرپختونخوا میں عالمی وبا سے 11 ہزار 890 لوگ متاثر ہوئے جبکہ بلوچستان میں یہ تعداد 5 ہزار 582 ہے، اسلام آباد میں 3946، گلگت بلتستان میں 852 اور آزاد کشمیر میں 299 لوگ اس وبا سے متاثر ہوچکے ہیں۔ملک میں اموات کی صورتحال کچھ اس طرح ہے، پنجاب 607، سندھ 575، خیبرپختونخوا 521، بلوچستان 53، اسلام آباد 41، گلگت بلتستان12اور آزاد کشمیر 7 مریض جاں بحق ہوئے ۔خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی، تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 86 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہوئی تھی جس کے بعد 31 مارچ تک اموات کی مجموعی تعداد 26 ہوگئی تھی، تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات ریکارڈ کی گئیں، بعد ازاں مئی میں یہ تعداد 1400 سے تجاوز کرگئی تھی۔
اگلا آرٹیکل
تبصرے بند ہیں.