پاکستان میں کورونا نے پنجے گاڑھ لئے ، 2067 جاں بحق ، ایک لاکھ 3 ہزار 671

اسلام آباد (ہیلتھ رپورٹر)پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی صورتحال تشویشناک ہوتی جارہی ہے اور یومیہ ہزاروں کی تعداد میں کیسز سامنے آنے کے بعد اب مجموعی تعداد ایک لاکھ 3 ہزار 671 ہوگئی ہے جبکہ مجموعی اموات 2067 تک پہنچ گئی ہیں، سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آج ابھی تک کورونا وبا کے 2203 نئے کیسز اور 35 اموات ہوئی ہیں، تاہم اس عالمی وبا سے مزید کئی لوگ صحتیاب بھی ہوگئے ہیں۔خیال رہے کہ 26 فروری کو ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا جس کے بعد سے اس وائرس کا پھیلاو¿ پورے ملک تک ہوگیا اور اب یومیہ ہزاروں کیسز سامنے آرہے ہیں، فروری میں پہلے کیس سے لیکر مارچ کے آخر تک کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد تقریباً 2 ہزار کے قریب تھی جبکہ 18 مارچ کو ہونے والی پہلی موت کے بعد یہ تعداد اس وقت تک 26 تک پہنچی تھی، ماہ اپریل میں صورتحال کچھ تبدیل ہوئی اور کورونا وبا کے پھیلاو¿ میں تھوڑی شدت آئی اور کیسز کی مجموعی تعداد ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئی ، تاہم مئی کے مہینے میں صورتحال مکمل تبدیل ہوگئی اور صرف ایک ماہ میں 54 ہزار سے زائد کیسز اور 1100 سے زائد اموات رپورٹ ہوئیں اور کیسز کی مجموعی تعداد 71 ہزار جبکہ اموات 1500 سے زائد ہوگئیں، بعد ازاں جون کے مہینے کے آغاز سے ہی صورتحال تشویشناک ہوتی دکھائی دے رہی ہے اور ایک روز میں 5 ہزار سے زائد ریکارد کیسز بھی سامنے آچکے ہیں۔یہی نہیں بلکہ جون کے پہلے ہفتے میں ہی 30 ہزار سے زائد کیسز اور 500 سے زائد اموات رپورٹ ہوئی ہیں، آج (8 جون) کو بھی پاکستان میں کورونا کی عالمی وبا کے نئے کیسز اور اموات کی تصدیق کی گئی۔
صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 1813 نئے مریض اور 32 اموات کا اضافہ ہوا، سرکاری سطح پر اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آنے والے ان مریضوں کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 38 ہزار 903 ہوگئی، اس کے علاوہ مزید 32 اموات کا اضافہ ہوا اور یہ تعداد 683 سے بڑھ کر 715 تک پہنچ گئی۔ادھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی صورتحال تشویش ناک ہورہی ہے اور وہاں دن بدن کیسز کی تعداد میں اضافہ دیکھا جارہا ہے، سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وہاں 350 نئے کیسز اور 3 اموات رپورٹ کی گئیں، جس کے بعد وہاں مجموعی کیسز کی تعداد 4ہزار 979 سے بڑھ کر 5 ہزار 329 ہوگئی، اسی طرح اموات کی تعداد بھی 49 سے بڑھ کر 52 تک پہنچ گئی ہے۔وہی گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید 5 نئے مریضوں کا اضافہ ہوا، اس نئے اعداد و شمار کے بعد گلگت بلتستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 927 سے بڑھ کر 932 ہوگئی۔علاوہ آزیں آزاد کشمیر جو اب تک وائرس سے سب سے کم متاثر علاقہ تھا وہاں اس عالمی وبا کے 35 نئے کیسز سامنے آگئے، اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آئے ان نئے کیسز کے بعد وہاں اب تک کی مجموعی تعداد 361 سے بڑھ کر 396 ہوگئی۔تاہم اس تمام صورتحال کے باوجود ملک میں صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھی ہے، سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید 890 افراد نے وائرس کو شکست دے دی، جس کے بعد ملک میں اب تک اس وبا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 33 ہزار 465 سے بڑھ کر 34 ہزار 355 ہوگئی۔ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے، مصدقہ کیسزکی کل تعداد 103671، اموات 2067، صحتیاب 34355اور فعال کیسزکی تعداد 67249ہے ، اس وقت سندھ میں کیسز کی تعداد 38 ہزار 108 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 38 ہزار 903 ہے۔خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 13ہزار 487 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 6 ہزار 516 ہے ، علاوہ ازیں اسلام آباد میں 5 ہزار 329، گلگت بلتستان میں 932 اور آزاد کشمیر 396 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے، پنجاب715، سندھ 650، خیبرپختونخوا 575، بلوچستان 54، اسلام آباد 52، گلگت بلتستان 13 اور آزاد کشمیرمیں 8 مریض جاں بحق ہوئے۔خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی، تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک ایک لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہوئی تھی جس کے بعد 31 مارچ تک اموات کی مجموعی تعداد 26 ہوگئی تھی، تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات ریکارڈ کی گئیں، بعد ازاں مئی میں یہ تعداد 1500 سے تجاوز کرگئی تھی۔

تبصرے بند ہیں.