اسلام آباد (ہیلتھ رپورٹر)پاکستان میں کورونا وائرس سے آج اب تک مزید 2 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 301 ہو گئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 14079 تک جا پہنچی ہے، اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 104 افراد انتقال کر چکے ہیں جب کہ سندھ میں 85 اور پنجاب سندھ میں 91 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، اس کے علاوہ بلوچستان میں 14، اسلام ا?باد 4 اور گلگت بلتستان میں 3 افراد مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں، کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق اب تک 157،223 ٹیسٹ اور 3،233 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں ۔ آج بروز منگل ملک بھر سے اب تک کورونا کے مزید 22 کیسز سامنے آئے ہیں اور 2 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں جن میں اسلام آباد میں 16 کیسز ایک ہلاکت، بلوچستان ایک ہلاکت اور آزاد کشمیر سے 6 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔وفاقی دارالحکومت میں آج کورونا وائرس کے مزید 16 کیسز سامنے آئے ہیں اور ایک ہلاکت بھی ہوئی ہے جس کی تصدیق سرکاری پورٹل پر کی گئی ہے، نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 261 اور ہلاکتیں 4 ہوگئی ہیں۔بلوچستان میں آج کورونا سے مزید ایک ہلاکت سامنے آئی ہے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کی گئی ہے، پورٹل کے مطابق صوبے میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 14 ہوگئی ہے، صوبائی حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کے مطابق بلوچستان میں پیر کو کورونا کے مزید 72 مریض سامنے آئے جس کے بعد وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 853 ہوگئی، صوبائی محکمہ صحت کے مطابق بلوچستان میں اب تک کورونا کے 177 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔آزاد کشمیر سے آج بروز منگل کورونا کے مزید 6 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں، پورٹل کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 65 ہوگئی ہے۔سندھ میں پیر کو کورونا کے مزید 341 کیسز رپورٹ ہوئے اور 4 ہلاکتیں بھی ہوئیں جس کی تصدیق وزیراعلیٰ سندھ نے کی، سندھ میں نئے کیسز کے بعد کورونا میں مبتلا افراد کی مجموعی تعداد 4956 ہوگئی اور اموات 85 تک جا پہنچی ہیں، وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ کورونا کے 3946 مریض زیرعلاج ہیں جن میں سے 24 کی حالت خراب ہے، صوبائی حکومت کے ترجمان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 53 افراد صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 925 ہوگئی ہے۔پنجاب سے پیر کو کورونا کے مزید 194 مریض سامنے آئے اور 10 ہلاکتیں بھی ہوئیں، صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق پنجاب میں کورونا کے نئے کیسز کے بعد مجموعی مریضوں کی تعداد 5640 اور ہلاکتیں 91 ہوگئی ہیں، پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے میں اب تک کورونا وائرس سے متاثرہ 1306 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔خیبر پختونخوا میں پیر کو کورونا وائرس کے 120 نئے کیسز اور 6 اموات بھی سامنے آئیں۔ مزید 6 افراد کی ہلاکت کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 104 ہوگئی، صوبائی وزارت صحت کے مطابق پشاور میں 4، مالاکنڈ اور باجوڈ میں ایک ایک شخص کورونا سے جاں بحق ہوا، صوبے میں مزید 120 نئے کیسز کی تصدیق کے بعد کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد 1984 ہوگئی ہے، خیبرپختونخوا میں اب تک 533 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔گلگت بلتستان میں پیر کو مزید 2 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 320 ہوگئی ہے ، محکمہ صحت کے مطابق مزید 3 افراد کے صحت یاب ہونے کے بعد اب تک 222 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں ، گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 3 افراد کا انتقال ہوا ہے۔
تبصرے بند ہیں.