پاکستان میں کورونا سے مزید 16 جاں بحق ، تعداد 343 ہوگئی ، 15504 مریض

اسلام آباد (ہیلتھ رپورٹر)ملک میں کورونا وائرس نے مزید 16 زندگیاں نگل لیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 343 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 15504 تک جا پہنچی ہے، اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 122 افراد انتقال کر چکے ہیں جب کہ سندھ اور پنجاب میں 100،100 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، اس کے علاوہ بلوچستان میں 14، اسلام آباد 4 اور گلگت بلتستان میں 3 افراد مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں، 28 اپریل کو پاکستان میں کورونا وائرس سے 28 ہلاکتیں ہوئیں جو ملک میں 26 فروری کو پہلا کیس رپورٹ ہونے کے بعد سے اب تک ایک روز میں ہونے والی سب سے زیادہ ہلاکتیں تھیں،کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق اب تک 165،911جبکہ 3،425مریض صحت یاب ہو چکے ہیں ۔آج بروز بدھ ملک بھر سے کورونا کے مزید 717 کیسز سامنے آئے اور 16 ہلاکتیں بھی ہوئیں جن میں سندھ سے 404 کیسز 8 ہلاکتیں، خیبر پختونخوا 153 کیسز 8 ہلاکتیں، اسلام آباد 36، بلوچستان سے 121 اور گلگت بلتستان سے 3کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔صوبے میں آج کورونا کے مزید 404 کیسز رپورٹ ہوئے اور 8 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں، صوبائی حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے نئے کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 5695 ہوگئی ہے جب کہ اب تک کل 100 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 208 افراد کورونا سے صحت یاب ہوئے ہیں جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 1169 ہوگئی ہے۔وفاقی دارالحکومت میں آج کورونا وائرس کے مزید 36 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں، پورٹل کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 297 ہوگئی ہے جب کہ شہر میں وائرس سے اب تک 4 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔بلوچستان میں آج کورونا کے مزید 121 کیسز سامنے آئے جس کی تصدیق صوبائی حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے کی، ترجمان کے مطابق صوبے میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 974 ہوگئی ہے جب کہ وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 14 ہے، محکمہ صحت بلوچستان نے بتایا کہ صوبے میں سب سےزیادہ 646کیسز کوئٹہ سے رپورٹ ہوئے ہیں، محکمہ صحت کے مطابق بلوچستان میں اب تک کورونا کے 177 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔پنجاب حکومت کی جانب سے بدھ کو کورونا وائرس کے حوالے سے اعداد و شمار جاری نہیں کیے گئے، منگل کو پنجاب میں کورونا وائرس کے 187 کیسز سامنے آئے تھے اور 9 افراد کورونا سے انتقال کرگئے تھے، صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے کیسز اور ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ صوبے میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 5827 اور ہلاکتیں 100 ہوگئی ہیں، صوبے میں اب تک کورونا سے 1510 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔خیبر پختونخوا میں بدھ کو کورونا وائرس کے 153 نئے کیسز اور 8 اموات بھی سامنے آئیں جس کے بعد صوبے میں کورونا مریضوں میں مجوعی تعداد 2313 اور ہلاکتیں 122 ہوگئیں، خیبرپختونخوا میں اب تک 614 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔گلگت بلتستان
گلگت بلتستان میں بدھ کو مزید 3 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 333 ہوگئی ہے ، محکمہ صحت کے مطابق مزید 4 افراد کے صحت یاب ہونے کے بعد اب تک 228 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں، گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 3 افراد کا انتقال ہوا ہے۔آزاد کشمیر میں بھی بدھ کو کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا البتہ منگل کو کورونا کے مزید 6 کیسز سامنے آئے تھے، سرکاری پورٹل کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 65 ہوگئی ہے۔

تبصرے بند ہیں.