پاکستان میں کورونا سے ایک روزمیں 28 ہلاکتیں ، تعداد 327 ہوگئی ، 14885مریض

اسلام آباد (ہیلتھ رپورٹر)ملک میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 327 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 14885 تک جا پہنچی ہے، اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 114 افراد انتقال کر چکے ہیں جب کہ سندھ میں 92 اور پنجاب میں 100 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، بلوچستان میں 14، اسلام آباد 4 اور گلگت بلتستان میں 3 افراد مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں، 28 اپریل کو پاکستان میں کورونا وائرس سے 28 ہلاکتیں ہوئیں جو ملک میں 26 فروری کو پہلا کیس رپورٹ ہونے کے بعد سے اب تک ایک روز میں ہونے والی سب سے زیادہ ہلاکتیں تھیں، کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق اب تک 165،911ٹیسٹ اور4253 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں ، آج بروز بدھ ملک بھر سے کورونا کے مزید 98 کیسز سامنے آئے ہیں جن میں اسلام آباد سے 36 اور بلوچستان سے اب تک 62 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔وفاقی دارالحکومت میں آج کورونا وائرس کے مزید 36 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں، پورٹل کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 297 ہوگئی ہے جب کہ شہر میں وائرس سے اب تک 4 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔بلوچستان میں آج کورونا کے مزید 62 کیسز سامنے آئے ہیں جس کی تصدیق صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے کی گئی ہے، محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 915 ہوگئی ہے جب کہ وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 14 ہے، محکمہ صحت نے بتایا کہ بلوچستان میں سب سے میںزیادہ 646کیسز کوئٹہ سے رپورٹ ہوچکے ہیں، محکمہ صحت کے مطابق بلوچستان میں اب تک کورونا کے 177 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔سندھ میں منگل کو کورونا کے مزید 335 کیسز رپورٹ ہوئے اور 7 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں، وزیراعلیٰ سندھ نے کیسز اور ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں نئے کیسز کے بعد کورونا میں مبتلا مریضوں کی تعداد 5291 ہوگئی ہے جب کہ اب تک 92 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، صوبائی حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 38 مریض صحتیاب ہوکر اپنے گھروں کو چلے گئے جس کے بعد صوبے میں صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 963 ہوگئی ہے۔ پنجاب میں منگل کو کورونا وائرس کے مزید 187 کیسز سامنے آئے ہیں اور 9 افراد کورونا سے انتقال کرگئے، صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے کیسز اور ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 5827 اور ہلاکتیں 100 ہوگئی ہیں، پی ڈی ایم اے کے مطابق 768 زائرین، 1925 رائے ونڈ سے منسلک تبلیغی ارکان، 86 قیدی اور 2951 عام شہری کورونا وائرس میں مبتلا ہیں، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق صوبے میں اب تک کورونا سے 1380 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔خیبر پختونخوا میں منگل کو کورونا وائرس کے 176 نئے کیسز اور 6 اموات بھی سامنے ا?ئیں جس کے بعد صوبے میں کورونا مریضوں میں مجوعی تعداد 2160 اور ہلاکتیں 114 ہوگئیں، صوبائی وزارت صحت کے مطابق پشاور میں 7، مردان میں دو اور ایبٹ آباد میں ایک شخص کورونا سے جاں بحق ہوا، خیبرپختونخوا میں اب تک 562 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔گلگت بلتستان میں منگل کو مزید 10 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 330 ہوگئی ہے، محکمہ صحت کے مطابق مزید 2 افراد کے صحت یاب ہونے کے بعد اب تک 224 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں ، گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 3 افراد کا انتقال ہوا ہے۔آزاد کشمیر سے منگل کو کورونا کے مزید 6 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں، پورٹل کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 65 ہوگئی ہے۔

تبصرے بند ہیں.