چین میں پھیلنے والے کورونا کے نئے ویرینٹ کا پاکستان میں بھی آنے کا خطرہ پیدا ہوگیا۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) حکام کا کہنا ہے کہ چین میں لاک ڈاؤن کھلنے اور فری ٹریولنگ سے پاکستان میں کورونا کا نیا ویرینٹ آنے کا خطرہ ہے لیکن پاکستان کورونا کے کسی بھی نئے ویرینٹ کو کنٹرول کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔این سی اوسی حکام کے مطابق ماضی میں بھی کورونا کے نئے ویرینٹ آئے جنہیں بروقت کارروائی سے کنٹرول کیا گیا۔حکام کا کہنا ہے کہ انسداد کورونا ویکسین لگنے کے باعث اب خطرہ کم ہے، پاکستان میں کورونا ویکسین کی اہل 90 فیصد آبادی کی ویکسی نیشن مکمل ہے جبکہ 95 فیصد آبادی کو ویکسین کی کم از کم ایک خوراک لگ چکی ہے۔یاد رہے کہ چین میں ایک مرتبہ پھر کورونا کی وبا تیزی سے پھینے کے بعد ماہرین صحت نے خدشہ ظاہر کیا ہےکہ دسمبر 2022 کے اختتام تک وہاں متاثر افراد کی تعداد بڑھ کر 25 کروڑ تک ہوسکتی ہے۔واضح رہے کہ کورونا کی وبا تین سال قبل دسمبر 2019 میں چین کے شہر ووہان سے شروع ہوئی تھی، تاہم رواں سال کے آغاز تک دنیا بھر میں اس میں نمایاں کمی ہوئی تھی۔
تبصرے بند ہیں.