اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک کہتے ہیں پاکستان سے بھاگنے والا نہیں،وصیت کی ہے کہ پاکستان میں دفن کیاجائے، نوازشریف وزیراعظم بنے توطالبان کوکسی ضمانت کی ضرورت ہی نہیں رہے گی، پیپلز پارٹی اپوزیشن میں رہ کر تعمیری کردار ادا کرے گی۔ اسلام آباد میں بینظیر انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے باہر سابق وزیرداخلہ رحمن ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف وزیراعظم بنے تو طالبان کو کسی ضمانت کی ضرورت نہیں رہے گی، دھاندلی کے باوجود مسلم لیگ ن کے مینڈیٹ کو تسلیم کرتے ہیں، چاہتے ہیں مسلم لیگ ن کی حکومت پانچ سال پورے کرے۔ پیپلزپارٹی اپوزیشن میں بیٹھ کر مثبت اور تعمیری کردار ادا کرے گی اور نئی حکومت کے اچھے اقدامات کی حمایت کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ایک وفاق کے طور پر نظر آنا چاہئے اور ہم میثاق جمہوریت پر عملدرآمد کریں گے۔ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان سے بھاگنے والا نہیں، وصیت کی ہے کہ پاکستان میں دفن کیاجائے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم مل کر کام کریں گے۔
تبصرے بند ہیں.