پاکستان ساتویں بار ویسٹ ایشین بیس بال چیمپئن بن گیا، بھارت کو خاک چٹادی

کراچی: پاکستان نےروایتی حریف بھارت کو خاک چٹاکرساتویں بار ویسٹ ایشیاء بیس بال چیمپئن شپ جیت لی۔ گرین شرٹس نے لیگ کے آخری میچ میں بھارت کیخلاف 11رنز سے اپنے اعزازکا دفاع کرنے میں کامیاب ہواجبکہ ایران نے دوسری اور بھارت نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان بیس بال فیڈریشن کے چیئرمین شوکت جاوید نے کھلاڑیوں میں میڈلز اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔اس موقع پر پاکستان بیس بال فیڈریشن کے صدر سید خاور شاہ بھی موجود تھے۔ٹورنامنٹ کے بہترین ہٹر کا اعزاز پاکستان کے کھلاڑی سمیرنے،بہترین پچر کا اعزازعنایت اللہ نے،بہترین کیچر کا اعزاز بھارت کے کھلاڑی امیتکرنے جبکہ بہترین فیلڈر کا اعزاز ایران کے کھلاڑی کامران رانا نے حاصل کیا۔ٹورنامنٹ میں چار ملکوں کی ٹیمیں نے حصہ لیا جن میں میزبان پاکستان کے علاوہ بھارت، عراق اور ایران کی ٹیمیں شامل تھیں۔ ٹورنامنٹ سنگل لیگ کی بنیاد پر کھیلا گیا۔ ٹورنامنٹ کے آخری روز دو میچ کھیلے گئے۔ پہلے میچ میں ایران نے عراق کو 4کے مقابلے میں 18رنز سے ہرا دیا۔ایران کی طرف سے سید بطنی نے 3،سید حسین ،ماجد،نیما ،جلیل اور یٰسین نے 2،2 رنز، یاسر،رجب اور ماجد محمدی نے ایک، ایک رنز کیا،عراق کی طرف سے حمام نے 2اورمصطفیٰ و مائر نے ایک،ایک رنز سکور کیا ۔دوسرا میچ پاکستان نے بھارتی ٹیم کیخلاف 5اننگز کے کھیل میں11رنزسے فتح حاصل کرلی۔بھارت کی ٹیم کوئی بھی رنز نہ بنا سکی۔پاکستان کی طرف سے سمیر،جواد اور برہان نے 2،2جبکہ احسن، زبیر،ارسلان،عدنان اور وقاص نے ایک،ایک رن بنائے ۔

تبصرے بند ہیں.