مقابلے کیلئے تیار ہیں، پاکستان ٹیم کی خامیاں نہیں، خوبیوں کا علم ہے، واٹمور

برسبین: پاکستانی کر کٹ ٹیم کے سابق کوچ اور زمبابوے کرکٹ ٹیم کے موجودہ ہیڈکوچ ڈیو واٹ مور کا کہنا ہے کہ دوسروں کی خامیوں کے بجائے حریف کی خوبیوں پر توجہ دیتا ہوں۔ خامیاں نہیں بلکہ پاکستانی ٹیم کی قوت اور خوبیوں کے بارے میں جانتا ہوں۔یہ بات پالیسی کے خلاف ہے اور مناسب بھی معلوم نہیں ہوتی کہ میں حریف ٹیموں کے بارے میں کوئی تبصرہ کروں۔ یہ بالکل ایسا ہی ہے کہ میں کہوں کہ گلاس آدھا بھرا ہوا نہیں ہے بلکہ آدھا خالی ہے۔ پاکستان فتح اور پوائٹس حاصل کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ ٹیم ہر صورت میں جیت چاہتی ہے۔البتہ ہماری کارکردگی بری نہیں رہی ہے لیکن کچھ شعبے ایسے ہیں جن میں بہتری کی ضرورت ہے۔ ہمیں بیک وقت بولنگ اور بیٹنگ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ اس لئے میچ سخت ہونے کی توقع ہے۔ ہمارے لئے یہ میچ بہت زیادہ اہم ہے۔ ہم پاکستان کو سخت جان حریف تصور کرتے ہیں۔ ڈیو واٹ مور جمعے کو وولن گابا برسبین میں صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی ٹیم انتظامیہ کی پالیسی کی وجہ سے اپنی سابقہ ٹیم کے مسائل پر بات نہیں کرسکتا۔ میں کسی حریف ٹیم کے بارے میں اس مرحلے پر تبصرہ نہیں کروں گا۔ البتہ میری نئی ٹیم پاکستان کے خلاف اتوار کے مقابلے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔ ہم نے پاکستان سے ایک میچ زیادہ کھیلا ہے۔ ہمارے تین میچ ہوئے ہیں۔ ہمارا خیال ہے کہ زمبابوے کی ٹیم مقابلے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔ مزید میچ جیت کر ہم دوسری ٹیموں کے لئے مشکلات پیدا کرسکتےہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ٹیموں کی طرح ہمارا مسئلہ بھی یہی ہے کہ ہم اختتامی اوورز میں بہت زیادہ رنز دے رہے ہیں۔ میں ان مسائل پر قابو پا کر حریف ٹیموں کو دبائو میں لانا چاہتا ہوں۔ واٹ مور نے کہا کہ ہمارے تین اور پاکستان کے چار میچ باقی ہیں۔ وولن گابا میں ٹاس کا کردار اہم ہوگا۔ حالیہ مہینوں میں اس گرائونڈ میں ٹاس کی کوئی اہمیت نہیں لگتی کیوں کہ گرائونڈ کی تاریخ بتاتی ہے کہ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیموں نے بھی اتنے ہی میچ جیتے ہیں جتنے بعد میں بیٹنگ کرنے والوں نے جیتے ہیں۔ ڈیو واٹ مور نے کہا کہ ہم نے مختلف گرائونڈز میں مختلف ٹیموں کے خلاف میچ کھیلے ہیں۔ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی کنڈیشنز ایک جیسی ہیں۔ ہم نے اسی طرح کی تیاری کر رکھی ہے۔ یہاں کی کنڈیشز بہت اچھی ہیں۔ ہمارےبیٹسمینوں نے ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی دکھائی ہے۔ بولنگ سے بھی کامیابی ملی ہے۔

تبصرے بند ہیں.