Latest National, International, Sports & Business News

پاکستان اور ترکیہ کے درمیان عدالتی تعاون کے فروغ کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

اسلام آباد: پاکستان اور ترکیہ کے درمیان عدالتی تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔تقریب میں سپریم کورٹ آف پاکستان اور آئینی عدالت کے ججز اور دیگر اعلیٰ حکام کے علاوہ جمہوریہ ترکیہ کی آئینی عدالت کے اعلیٰ سطح وفد کے ارکان بھی شریک ہوئے، تقریب کے آغاز میں دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی نے ترک وفد کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ یہ دورہ دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی علامت ہے، مفاہمتی یادداشت دونوں ملکوں کی عدلیہ کے لیے اہم ہے اور عدالتی شعبے میں تعاون کی کلید ثابت ہوگی۔چیف جسٹس نے ترکیہ کے عدالتی نظام میں جدت اور عدالتی کارروائی میں مصنوعی ذہانت کے استعمال پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کے عدالتی تجربات سے استفادہ کرنا چاہیے، باہم منسلک ہوتی دنیا میں عدالتی نظام الگ نہیں رہ سکتا، امید ہے کہ یہ مفاہمتی یادداشت دونوں ملکوں کے لیے مفید ثابت ہوگی۔چیف جسٹس نے واضح کیا کہ قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہوئے دونوں ملکوں کے عدالتی نظام کے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔دوسری جانب چیف جسٹس آئینی عدالت ترکیہ قادر اوزکایا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن پاکستان اور ترکیہ کے لیے بہت اہم ہے۔پاکستان کے عدالتی نظام کو روشن اور مؤثر قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے عدالتی نظام میں بہت سی قدریں مشترک ہیں، پاکستان آکر بہت خوشی ہوئی، دونوں ملکوں کے درمیان مثالی بھائی چارہ موجود ہے۔مزید برآں، ان کا کہنا تھا کہ عدالتی شعبے میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون مزید مضبوط کیا جانا چاہیے اور باہمی تجربات سے فائدہ اٹھانا وقت کی ضرورت ہے۔

تبصرے بند ہیں.