پاکستان اسٹیل کے زیرِانتظام آئی سی ڈی ونگ کا قیام

کراچی: پاکستان اسٹیل کے بی ایم آر اینڈ ای ڈائریکٹوریٹ کے زیرِانتظام انڈیجنائزیشن کمرشلائزیشن اینڈ ڈیویلپمنٹ (آئی سی ڈی) ونگ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ پاکستان اسٹیل کی انتظامیہ کی دُور رس حکمت عملی کی بدولت نہ صرف مقامی بلکہ ملکی دیگر صنعتی ادارے بھی اس سے استفادہ کر سکیں گے جس سے پاکستان اسٹیل کی آمدنی میں اضافہ ہو گا۔ پاکستان اسٹیل اسپیئر پارٹس مینوفیکچرنگ اینڈ ڈیویلپمنٹ کے علاوہ ریفریکٹریز پروڈکشن یونٹس کے ذریعے ریفریکٹریز مصنوعات کی ڈیویلپمنٹ، اسٹیل اسٹرکچر فیبریکشن اور پاور ایکوئپمنٹ کی تیاری کی سہولیات اور پروسیس لیبارٹریز میں میکنیکل / کیمیکل اور دیگر اقسام کی ٹیسٹنگ کی سہولیات کی بھی کمرشل بنیادوں پر پیش کش کر دی ہے۔ ملک کے دیگر صنعتی ادارے پاکستان اسٹیل کے سینٹرل ڈیزائن بیورو میں ڈایزئننگ کی سہولیات سے نہ صرف فائدہ اُٹھائیں گے بلکہ اعلیٰ تکنیکی مہارت کے کام پاکستان اسٹیل کے محکمہ ایم ای اینڈ آئی سی سے تجارتی بنیادوں پر کرا سکیں گے۔ علاوہ ازیں، مینوفیکچرنگ، مشیننگ اینڈ ہیٹ ٹریٹمنٹ کے کام بھی کمرشل بنیادوں پر پاکستان اسٹیل فیبریکٹنگ کمپنی لمیٹڈ کے تجربہ کار انجینئرز اور ہنرمند ہمہ وقت خدمات کیلئے تیار ہیں۔ ملک کے مختلف علاقوں میں قائم رولنگ ملز کے علاوہ میلٹنگ اینڈ کانٹینیئس کاسٹنگ یونٹس اور دیگر ملکی انجینئرنگ کی صنعتیں بھی پاکستان اسٹیل کی موجودہ کمرشل پالیسی سے استفادہ کر کے اپنی پیداواریت میں بھی اضافہ کر سکیں گی۔ پاکستان اسٹیل میں واقع سینٹرل مینٹینینس ڈیپارٹمنٹ جو ایک مکمل صنعتی یونٹ ہے جس میں ایم آر اینڈ ایچ ٹی، ایف اینڈ ایف شاپ، پاور ایکوئمنٹ ریپئر شاپ (الیکٹریکل / میکنیکل)، فائونڈری شاپ اور ربررائزنگ شاپ کی سہولیات کو بھی تجارتی بنیادوں پر پیش کر دیا ہے۔ جبکہ پاکستان اسٹیل ملز کے شعبہ ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ اور پروجیکٹ مینجمنٹ میں موجود مختلف اعلیٰ صلاحیتوں کے حامل تجربہ کار ماہرین کی خدمات سے ملکی انجینئرنگ کی صنعتیں بھی بھرپور فائدہ اُٹھائیں گی۔ ملکی سیمنٹ انڈسٹریز کے علاوہ پاور ہائوسسز مثلاً کے ۔ الیکٹرک اور دیگر مقامی و ملکی صنعتیں تجارتی بنیادوں پر پاکستان اسٹیل کی مشینری اور ماہرین کی صلاحیتوں سے مستفید ہونگی۔ پاکستان اسٹیل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (پی ایس آئی ٹی) کی ورکشاپس اور لیبارٹریز سے ٹریننگ لے کر ہزاروں ہنرمند ملکی صنعتوں میں خدمات انجام دے رہے۔ موجودہ انتظامیہ پاکستان اسٹیل حکمت عملی کے تحت اس سلسلے کو مزید فروغ دینے کے لئے ملک کے نوجوانوں کو پی ایس آئی ٹی کے 64 مختلف ٹریڈز میں کمرشلائزیشن پالیسی کے تحت ٹریننگ کی سہولیات کی بھی پیش کش کر دی ہے اس پالیسی کے تحت ملک کے دیگر اداروں سمیت ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی، نیشنل ووکیشنل ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت تربیت حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات پی ایس آئی ٹی سے تربیت اور کورس مکمل کر کے ملکی انجینئرنگ صنعتوں میں روزگار کے مواقع سے فائدہ اُٹھائیں گے۔ پاکستان اسٹیل مل کے ترجمان کے مطابق پاکستان اسٹیل کی انتظامیہ ادارے کی بحالی اور ترقی کیلئے نہ صرف اقدامات کر رہی ہے بلکہ دیگر ایسے موثر اقدامات بھی کر رہی ہے جس سے قومی ادارے کی آمدنی میں مزید اضافہ کیا جا سکے۔ انتظامیہ نے پاکستان اسٹیل کے مختلف محکمہ جات اور شعبہ جات میں موجود مشینری، انفراسٹرکچر اور انجینئرنگ کے شعبے میں اپنی صلاحیت اور مہارت سے مقامی اور گرد و نواح میں موجود صنعتوں کو کمرشل بنیادوں پر اپنی تکنیکی خدمات کی پیش کش کر دی ہے۔

 

تبصرے بند ہیں.