پاکستانی ٹیم ٹیسٹ سیریز میں فائٹ بیک کی اہلیت رکھتی ہے : ان

پاکستان کرکٹ کے سابق کپتان انضمام الحق نے کہا ہے کہ ون ڈے سیریز ہارنے کے بعد پاکستانی ٹیم فائٹ بیک کرنے کی اہلیت رکھتی ہے اور توقع ہے کہ وہ اچھی کارکردگی دکھائے گی۔

لاہور (نیٹ نیوز) انہوں نے کہا ہے کہ اگرچہ پاکستانی ٹیم سے ٹیسٹ سیریز میں توقعات کم ہیں مگر ٹیم کو فائٹ بیک کرنا ہوگی کیونکہ عالمی کپ سے پہلے ایک بڑی سیریز جیت کر ٹیم اور کپتان مصباح اپنا کھویا ہوا اعتماد بحال کر سکتے ہیں۔ جرمن خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کے ایک روزہ سیریز ہارنے پراس لیے بھی زیادہ حیرت اور دکھ ہوا کہ انہوں نے آسٹریلیا کی اس سے زیادہ کمزور ٹیم کبھی نہ دیکھی تھی۔ آسٹریلیا کی بیٹنگ ماضی کی طرح مضبوط نہیں رہی۔ ہمارے پاس اچھے سپنرز ہیں لیکن ٹیم میں آئے روز تبدیلیاں نقصان دہ ثابت ہو رہی ہیں۔ سلیکشن کا معیار بہتر کرنا ہوگا۔ عالمی کپ کے لیے پندرہ کھلاڑیوں کا انتخاب کر لیا جانا چاہیے اور انہی پر سلیکٹرز کواعتماد رکھ کر کھلانا ہوگا۔ کرکٹرز اگر بڑے نہ ہوں تو بھی اعتماد کرنے سے وہ نتائج دے سکتے ہیں۔ پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف آخری ٹیسٹ سیریز بیس برس پہلے ڈرامائی انداز میں اس وقت جیتی تھی جب کراچی ٹیسٹ میں انضمام الحق نے مشتاق احمد کے ہمراہ آخری وکٹ کی شراکت میں شین وارن اور میگرا کے سامنے چھپن رنز بنا کر نا ممکن کو ممکن کر دیا۔ انضمام اس دن کو یاد کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ وہ ایک ناقابل یقین لمحہ تھا۔ میں نے مشتاق کو کہا تھا کہ آپ نے آوٹ نہیں ہونا میں رنز بنا لوں گا۔ میں شین وارن کی آخری گیند پرسٹمپ ہوجاتا لیکن خدا کا کرنا یہ ہوا کہ گیند ہیلی کو نظر ہی نہ آئی یا نہ جانے کیا ہوا بائی کا چوکا ہوا اور ہم جیت گئے۔ دنیا کی بہترین ٹیم کے خلاف وہ جیت زبردست تھی۔ آسٹریلوی کرکٹرز ٹیسٹ کرکٹ میں مخالفین کو زبانی اور جسمانی حربوں سے بھی ہراساں کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے۔ ماضی میں للی کی میانداد کو پرتھ میں کک ہو یا تھامپسن کا لاہور ٹیسٹ میں آپے سے باہر ہو جانا آج تک کوئی نہیں بھلا سکا۔ البتہ انضمام کہتے ہیں کہ آسٹریلوی سلی جنگ سے نمٹنا کوئی بڑی بات نہیں۔ جاوید بھائی نے تو ہمیشہ للی کو اچھا جواب دیا ، ہمارے کھلاڑی بھی ان سے کم نہیں ہاں البتہ نئے کھلاڑیوں کو ٹیم مینجمنٹ سے مدد درکار ہوگی۔ –

تبصرے بند ہیں.