پاکستانی ٹیم جیتی بازی گنوانے میں ’’ورلڈ چیمپئن‘‘ بن گئی

پاکستانی ٹیم جیتی بازی گنوانے میں ’’ورلڈ چیمپئن‘‘ بن گئی، حالیہ سیریز کے ہی 2 میچز میں ایسا کر کے جنوبی افریقہ کو سیریز میں فتح کا موقع فراہم کر دیا۔ کپتان مصباح الحق بھی اس صورتحال سے بیحد مایوس ہیں، ان کے مطابق اگر حریف آئوٹ کلاس کر دے تو اور بات ہے مگر جیت کے قریب پہنچ کر ہارنا قبول نہیں،ایک بار پھر ہم دبائو برداشت کرنے میں ناکام رہے اور میچ کا کامیاب اختتام نہ کر سکے، مصباح نے کہاکہ پلیئرز کو ذہنی طور پر مضبوط ہونا پڑے گا، دبائو کی صورت میں جتنا پُرسکون رہیں اتنا ہی کامیاب اختتام کا امکان زیادہ ہوتا ہے، کپتان کے خیال میں موجودہ ٹیم کو کمزور کہنا غلط ہوگا البتہ ناتجربہ کار ضرور قرار دیا جا سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ نے جمعے کو چوتھا ون ڈے 28 رنز سے جیت کر سیریز بھی3-1 سے اپنے نام کر لی، اب پیر کو شیڈول پانچواں میچ محض رسمی کارروائی ثابت ہو گا، حالیہ سیریز میں ٹیم نے 2 جیتے ہوئے میچز گنوائے، پہلے ون ڈے میں 184کے آسان ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے182پر ڈھیر ہو گئی،آخری6وکٹیں 17 رنز کے دوران گریں۔ اسی طرح جمعے کو چوتھے میچ میں 267کے ہدف کا تعاقب عمدگی سے جاری تھا کہ اچانک بیٹنگ لائن تباہ ہو گئی،آخری 5پلیئرز محض10رنز کے دوران پویلین لوٹے، یوں میچ کے ساتھ سیریز بھی گنوا دی، کپتان مصباح الحق بھی اس صورتحال سے بیحد مایوس ہیں، میڈیا سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ ہم جمعے کو تقریباً جیتا ہوا میچ ہار گئے اس سے شدید مایوسی ہوئی، ایک ٹیم مکمل آئوٹ کلاس کر دے یا آپ کے پاس اس کا کوئی جواب نہ ہو تو وہ الگ بات ہے لیکن اگر جیتی ہوئی بازی گنوائیں تو بہت افسوس ہوتا ہے، انھوں نے کہا کہ ہمیں ذہنی طور پر مضبوط ہونا پڑے گا، دبائو کی صورت میں جتنا پُرسکون رہیں اتنا ہی کامیاب اختتام کا امکان زیادہ ہوتا ہے، ایسے میں اگر ایک اوور بھی خراب کھیلیں تو میچ کی صورتحال تبدیل ہو جاتی ہے، جیسا ہمارے ساتھ 46 اور 47 ویں اوور میں ہوا، ہم اہم مواقع پر دبائو برداشت نہیںکریںگے تو ایسا ہی ہوگا۔

تبصرے بند ہیں.