ٹیسٹ رینکنگ میں مصباح کے قدم ٹاپ 10 سے ’سلپ‘ ہو گئے

دبئی: ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں مصباح الحق کے قدم ٹاپ 10 سے ’سلپ‘ ہوگئے، نیوزی لینڈ کے روس ٹیلر کی 7 درجے جست نے انھیں 11 ویں نمبر پر پہنچا دیا، کین ولیمسن ہاتھ دھوکر ٹاپ آرڈر پر موجود ابراہم ڈی ویلیئرز کے پیچھے پڑگئے۔

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے آسٹریلیا و نیوزی لینڈ اور بھارت و جنوبی افریقہ کے ڈرا ٹیسٹ میچز کے بعد تازہ ترین پلیئرز رینکنگ جاری کردی گئی، خاص طور پر پرتھ کی مردہ وکٹ پر رنز کے انبار لگانے والے بیٹسمین کافی فائدے میں رہے، ان میں سابق کیوی کپتان روس ٹیلر بھی شامل ہیں، جنھوں نے ڈبل سنچری اسکورکرکے نہ صرف ناقص فارم سے پیچھا چھڑایا بلکہ 12 ماہ میں پہلی بار ٹاپ ٹین میں واپس لوٹنے میں بھی کامیاب رہے۔ ان کی ایک ساتھ 7 درجے ترقی پاکستانی کپتان مصباح الحق کیلیے تنزلی کا پیغام ثابت ہوئی جو اب دسویں سے 11ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

یونس خان کی آٹھویں پوزیشن محفوظ رہی، آسٹریلیا کے خلاف 166 اور 32 ناٹ آئوٹ کی اننگز کھیلنے والے کین ولیمسن کو تین درجے ترقی نے تیسرے نمبر پر پہنچادیا مگر ان کی نگاہیں ٹاپ پر موجود ابراہم ڈی ویلیئرز پر ٹکی ہوئی ہیں، ان سے وہ صرف 6 ریٹنگ پوائنٹس کی دوری پر ہیں، اتنے ہی پوائنٹس دوسرے نمبر پر موجود آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ کے بھی ہیں۔

تبصرے بند ہیں.