جونیئر ہاکی ورلڈ کپ میں پاکستان کی شرکت کا فیصلہ آج ہوگا

لاہور: جونیئر ہاکی ورلڈ کپ میں پاکستان کی شرکت کا فیصلہ جمعرات کوہوگا، ملائیشیا میں جاری ایشیا کپ کے کوارٹر فائنل میں گرین شرٹس کو چین کا چیلنج درپیش ہے۔

تفصیلات کے مطابق آٹھویں مینز جونیئر ایشیا ہاکی کپ کے کوارٹر فائنلز جمعرات کوکھیلے جائیں گے، گروپ اے میں بھارت اور بی میں پاکستان نے پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن حاصل کی، دونوں ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست ہیں، گرین شرٹس نے تین میچز میں اب تک 13 گول کیے جبکہ اس کے خلاف صرف دو گول ہوئے، بھارت نے 11 بار گیند کو جال کا راستہ دکھایا جب کہ6 گول اس کے خلاف ہوئے۔

جمعرات کو پاکستانی ٹیم چین کے خلاف نبرد آزما ہوگی، اس میچ میں بھی فتح سے ٹیم آئندہ برس بھارت میں ہونے والے جونیئر ورلڈ کپ کیلیے کوالیفائی کرجائے گی، ناکامی کی صورت میں سینئر کی طرح جونیئر ٹیم کو بھی میگا ایونٹ میں شرکت سے محروم ہونا پڑے گا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ملائیشیا میں موجود پاکستانی ٹیم نے گذشتہ روز ٹریننگ کو ترجیح دی، طاہر زمان کی زیرسربراہی کوچنگ اسٹاف نے کھلاڑیوں کو پنالٹی کارنر لگانے اور میچ کے دوران گیند کو زیادہ سے زیادہ اپنے قبضہ میں رکھنے کی بھر پور مشقیں کرائیں، اس سے قبل ٹیم کو جونیئر ایشیا کپ کے تینوں مقابلوں سمیت چین کے میچزکی ویڈیوز دکھا کر میچ کیلیے حکمت عملی مرتب کی گئی۔

تبصرے بند ہیں.