اظہر علی نے’’ڈمی کپتان‘‘ کا تاثر مسترد کر دیا

شارجہ: اظہر علی نے ’’ڈمی کپتان‘‘ کا تاثر مسترد کر دیا، ان کا کہنا ہے کہ مینجمنٹ مل کر ٹیم منتخب کرتی اور میری رائے بھی شامل ہوتی ہے، کسی کو اس حوالے سے شک نہیں ہونا چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم میں اسٹارز کی عدم موجودگی کے سبب کوچ وقار یونس کا مکمل کنٹرول ہے، ناقدین کے مطابق اظہر علی کی حیثیت محض ’’ڈمی کپتان‘‘ کی ہے تاہم وہ اپنے بے اختیار ہونے کے تاثر سے متفق نہیں، انھوں نے کہا کہ پلیئنگ الیون کا انتخاب مینجمنٹ مشاورت سے کرتی ہے، میں بھی اس عمل میں مکمل شریک ہوتا ہوں کسی کو شک کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ باہر بیٹھ کر کافی چیزیں آسان لگتی ہیں مگر ٹیم کمبی نیشن بنانا مشکل کام ہوتا ہے، ہمیں انجریز وغیرہ کے سبب کافی مشکلات ہوئیں،اب آگے دیکھنا ہے، آخری میچ جیت کرسیریز برابر کرنے کا اچھا موقع ہوگا، ہم اچھا کمبی نیشن بنا کر فتح کی پوری کوشش کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ تیسرے ون ڈے میں ٹیم کا آغاز بہت اچھا تھا مگر چند پلیئرز کے رن آؤٹ ہونے سے معاملہ خراب ہوگیا،رننگ کے حوالے سے یہ دن ہمارے لیے بدترین تھا اسی لیے 3 پلیئرز نے ایسے وکٹیں گنوا دیں، مگر اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہم رننگ بھول گئے جیسے کمنٹس دیے جائیں، ہم اس مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔

تبصرے بند ہیں.