ٹرائنگولر سیریز :ویسٹ انڈیز نے بھارتی طوفان کا بھی رخ موڑ دیا

کنگسٹن / جمیکا: ویسٹ انڈیز نے بھارتی طوفان کا بھی رخ موڑتے ہوئے ٹرائنگولر سیریز میں مسلسل دوسری فتح حاصل کر لی، اوپنر جونسن چارلس نے 97 رنز کی شاندار اننگز کھیلی،کیمار روئچ اورٹینو بیسٹ کی آخری جوڑی نے میزبان ٹیم کی ناؤ کو پارلگایا۔ تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز نے بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے ہرا دیا، دوران بیٹنگ ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہونیوالے دھونی کی عدم موجودگی میں ویرت کوہلی نے قیادت سنبھالی، ڈیوائن براوو کے گروئن اسٹرین میں مبتلا ہونے پر میزبان ٹیم کی قیادت پولارڈ کے سپرد رہی،230کا تعاقب کرنے والی کیریبیئن سائیڈ کو 26 رنز پرگیل سمیت 3 ٹاپ آرڈر بیٹسمینوں کی جدائی کا صدمہ سہنا پڑا، امیش یادیو نے خطرناک گیل (11) اور ڈیوائن اسمتھ (صفر)کو اپنے اوپننگ اسپیل میں ٹھکانے لگایا۔جونسن چارلس (97) اور ڈیرن براوو (55) کے درمیان چوتھی وکٹ کیلیے 116 رنز کی شراکت نے بھارتی بولرز کو فکرمندکیا، اننگز کے 28 اوورز میں 3وکٹ پر 142 رنز جوڑنے والی میزبان ٹیم کو غیرذمہ دارانہ اسٹروکس کھیل کر وکٹیں گنوانے بیٹسمینوں نے مشکل میں ڈالا، پولارڈ اور رام دین 4، 4 رنز بنا سکے، نروس نائنٹیز کا شکار جونسن 211 کے اسکور پر آؤٹ ہونے والے آٹھویں بیٹسمین بنے، اس کے بعد سنیل نے 220 کے مجموعے پر اپنی وکٹ کا تحفہ بھارتی بولر رائنا کو پیش کردیا، 25ویں سالگرہ منانے والے روئچ 14 اور ٹینو بیسٹ3 ناٹ آؤٹ نے بمشکل تمام ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا، ٹیم نے 47.4 اوورز میں 230 کا ہدف پالیا، یادیو نے 3 جبکہ ایشانت اور ایشون نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، قبل ازیں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے7وکٹ پر 229رنز بنائے تھے۔

تبصرے بند ہیں.