سبائن لیسکی نے سرینا ولیمز کا قصہ تمام کر دیا

لندن: سبائن لیسکی نے ومبلڈن میں بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے دفاعی چیمپئن سرینا ولیمز کا قصہ تمام کردیا، 23 سیڈ جرمن پلیئر کو فائنل فور میں رسائی کیلیے اب کائنا کنیپی کا چیلنج درپیش ہوگا، برطانوی امیدوں کی محور لیورا رابسن کا سفر بھی چوتھے راؤنڈ تک محدود رہا۔ اگنیسکا ریڈوانسکا، لینا اور ماریون بارٹولی کوارٹر فائنلز میں پہنچ گئیں، مینز سنگلز میں میزبان اسٹار اینڈی مرے نے میخائل یوزنی کو پچھاڑدیا، ڈیوڈ فیرر، فرنانڈو ورڈاسکو اور لوکاس کوبوٹ بھی راؤنڈ8 میں شامل ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق سیزن کے تیسرے گرینڈ سلم ومبلڈن میں پیر کو23 سیڈ جرمن پلیئر سبائن لیسکی نے چوتھے راؤنڈ میں حیران کن طور پر سرینا ولیمز کیخلاف6-2،1-6 اور 6-4 سے کامیابی کی بدولت کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی، فائنل فور میں پہنچنے کیلیے لیسکی کو اب اسٹونیا کی کائیا کنیپی کا چیلنج درپیش ہوگا، لیسکی ومبلڈن میں متاثر کن ریکارڈ رکھتی ہیں، وہ تیسری مرتبہ کوارٹر فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئیں، یہ بھی عجیب اتفاق ہے کہ وہ مسلسل چوتھے برس فرنچ اوپن کے فاتح پلیئر کو ومبلڈن میں شکار کرنے میں کامیاب رہیں۔سرینا ولیمز سے قبل انھوں نے 2012 میں ماریا شراپووا، 2011 میں چینی پلیئر لینا اور 2009 میں سویٹلانا کزنٹسوا کو مات دی تھی، جاری ایونٹ کے دیگر میچزمیںفورتھ سیڈ اگنیسکا ریڈوانسکا نے بلغاریہ کی سویٹانا پرنکووا کو 4-6،6-3 اور 6-3 سے قابو کیا،کائیا کنیپی نے برطانوی امیدوں کی محور لیورا رابسن کو 7-6(8/6) اور 7-5 سے ٹھکانے لگایا، چین کی لینا نے اطالوی حریف روبریٹا ونسی پر 6-2،6-0 سے غلبہ پایا، جمہوریہ چیک کی پیٹراکیوٹوا نے کارلا سواریز 7-6(7/5)، 6-3 سے قابو کیا، کرسٹین فلپکنز نے فلاویا پنیٹا کو7-6(7/2) اور 6-3 سے زیر کیا، امریکا کی سلونی اسٹیفنز نے پیورٹو ریکو کی مونیکا پوئگ کو 4-6، 7-5 اور 6-1 سے مات دی، ماریون بارٹولی نے کیرن کینپ کو 6-2،6-3 سے ہرایا۔ مینز سنگلز چوتھے راؤنڈ مقابلوں میں میخائل یوزنی کو برطانوی اسٹار اینڈی مرے نے 6-4،7-6(7/5) اور6-1 سے قابو کرلیا، فورتھ سیڈ اسپین کے ڈیوڈ فیرر نے کروشین حریف ایوان ڈوڈگ کو 6-7(3/7)، 7-6 (8/6) 6-1 اور6-1 سے زیر کیا،لوکاس کوبوٹ نے پیشقدمی جاری رکھی، انھوں نے فرنچ حریف ایڈرین مینارینو کو 4-6، 6-3، 3-6 ، 6-3 اور 6-4 سے قابو کرلیا، پولینڈ کے جیری جینووچ نے آسٹریا کے جرگن میلزر پر3-6، 7-6 (7/1)،6-4،4-6 اور 6-4 سے فتح پائی، ارجنٹائن کے جوآن مارٹن ڈیل پوٹرو نے اٹلی کے آندریس سیپی کو 6-4،7-6(7/1) اور 6-3 سے ہرایا،فرنانڈو ورڈاسکو نے فرنچ حریف کینی ڈی شیپرز کو 6-4،6-4 اور 6-4 سے شکست دی۔

تبصرے بند ہیں.