ویرات کوہلی کی یادگار اننگز، بھارت فائنل میں پہنچ گیا

بنگلہ دیش میں جاری ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں ویرات کوہلی نے ایک بار پھر اپنی جارحانہ بیٹنگ سے بھارت کو جتوا دیا، بھارتی ٹیم جنوبی افریقا کو 6 وکٹوں سے ہرا کر فائنل میں پہنچ گئی۔ جنوبی افریقا نے پہلے کھیلتے ہوئے بھارت کو جیت کیلئے 173 رنز کا ہدف دیا تھا۔

ڈھاکا: () شیر بنگلا سٹیڈیم ڈھاکا میں کھیلے گئے دوسرے ٹی 20 میچ میں جنوبی افریقا کے گیند باز بھارتی بلے بازوں کے سامنے بے بس نظر آئے۔ ویرات کوہلی نے ایک بار پھر یادگار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کروایا۔ بھارت کی جانب سے آر جے شرما نے 24، اے ایم راہنے 32، یووراج سنگھ 18، سریش رائنا 21 جبکہ میچ کے ہیرو ویرات کوہلی نے صرف 43 گیندوں پر 72 رنز بنائے اور ناٹ آئوٹ رہے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے ہینڈرکس نے 2 جبکہ عمران طاہر اور پارنل نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا تھا۔ اس سے قبل دوسرے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ جنوبی افریقا کے بلے بازوں نے 4 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 20 اوورز میں 172 رنز بنائے۔ ڈوپلیسی 58 جبکہ ڈومنی 45 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ جنوبی افریقا کے دیگر بلے بازوں کیو ڈی کوک نے 6، ہاشم آملہ 22، اے بی ڈی ویلیرز 10 اور ڈی اے ملر نے 23 رنز بنائے۔ بھارت کی جانب سے ایشون نے جنوبی افریقا کے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ بھویش کمار کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔ بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی کا ٹاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ اگر وہ ٹاس جیت جاتے تو وہ خود بیٹنگ کرتے۔ واضع رہے کہ بھارت اس ٹورنامنٹ میں پہلی بار ٹاس ہارا ہے۔ اس سے قبل پہلے ٹی 20 سیمی فائنل میں جیت کے بعد سری لنکا نے فائنل میں اپنی جگہ پکی کر لی ہے جبکہ دفاعی چیمیئن ویسٹ انڈیز ہارنے کے بعد مقابلوں سے باہر ہو چکی ہے –

تبصرے بند ہیں.