ومبلڈن، سرینا ولیمز کو آج سبائن لیسکی کا چیلنج درپیش

لندن: ومبلڈن میں اتوار کو چھٹی کے بعد پیر سے دوبارہ کرکٹ میلہ شروع ہوگا، ٹاپ سیڈ سرینا ولیمز کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے کیلیے جرمن پلیئر سبائن لیسکی کا سامنا کریں گی۔ امریکی اسٹار نے ہفتے کی شب جاپانی حریف کیمکو ڈیٹ کروم کا قصہ 6-2 ، 6-0 سے تمام کرتے ہوئے تیسرے رائونڈ میں جگہ بنائی، برطانوی خاتون پلیئر لیورا رابسن کو بھی رائونڈ 8 میں پہنچنے کیلیے اسٹونیا کی کائیا کنیپی کو راہ سے ہٹانا ہوگا، مینز سنگلز فورتھ رائونڈ میں ٹاپ سیڈ سربیا کے نووک جوکووک کو جرمن حریف ٹامی ہاس کا چیلنج درپیش ہوگا، سیکنڈ سیڈ برطانوی اسٹار اینڈی مرے کا سامنا روس کے میخائل یوزنی سے ہوگا، ارجنٹائن کے 8 سیڈ جوآن مارٹن ڈیل پوٹرو کا مقابلہ کرنے کیلیے اطالوی کھلاڑی آندریس سیپی میدان میں اترینگے۔آسٹریلیا کے متنازع پلیئر برنارڈ ٹومک کو جمہوریہ چیک کے ٹوماس بریڈیچ کیخلاف آزمائش کا سامنا رہے گا، قبل ازیں ہفتے کی شب مکمل ہونیوالے مینز ڈبلز میں ٹاپ سیڈ امریکا کے برائن برادرز باب اور مائیک نے اسپین کے ڈیوڈ ماریرو اور اطالوی حریف آندریس سیپی کیخلاف 6-3،7-5 اور 6-4 سے فتح پائی، ویمنز ڈبلز میں کینیڈا کی ایوگینی بوچارڈ اور کروشین پلیئر پیٹرا مارٹیک نے زمبابوے کی کارا بلیک اور کیوی پلیئر مارینا ایراکووک کو 7-6،7-6 سے زیر کرلیا۔

تبصرے بند ہیں.