ون ڈے میں 200 چھکے، گیل تیسری پوزیشن پر براجمان

کنگسٹن / جمیکا: ویسٹ انڈین اوپنر کرس گیل ون ڈے انٹرنیشنل میں 200 چھکے لگانے کا سنگ میل عبور کرنے والے تیسرے کرکٹر بن گئے۔ ان سے قبل یہ منفرد اعزاز پاکستانی آل رائونڈر شاہد آفریدی ( 308) اور سنتھ جے سوریا(270) کو ہی حاصل تھا، اس کے علاوہ اس مقابلے میں 17رنز بناکر سری لنکن بیٹسمین کمار سنگاکارا نے ملک کی جانب سے ون ڈے میں اپنے 11 ہزار رنز مکمل کرلیے، وہ اب تک 338 میچز میں 38.89 کی اوسط سے مجموعی طور پر 11006رنز اپنے نام جوڑنے میں کامیاب ہوچکے ہیں جبکہ ان کے مجموعی 11265 رنز بھی 121رنز ایشیا الیون اور 138رنز ورلڈ الیون کی نمائندگی کرتے ہوئے شامل ہوئے ہیں، کرس گیل نے سری لنکا کیخلاف ٹرائنگولر سیریز کے افتتاحی میچ میں 100 گیندوں پر 109 کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 9 چوکے اور 7 چھکے شامل رہے۔گیل اب مجموعی طور پر 202 چھکوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر آگئے، اس کے علاوہ یہ ویسٹ انڈین بیٹسمین کی مجموعی طور پر 21ویں سنچری بنی، ہوم گرائونڈ میں پانچویں مرتبہ وہ انفرادی اسکور کو تہرے ہندسوں تک پہنچانے میں کامیاب ہوئے، انھوں نے سری لنکا سے قبل بھارت، جنوبی افریقہ، پاکستان اور نیوزی لینڈ کیخلاف بھی ایک ایک سنچری داغی ہے، آل ٹائم ون ڈے سنچری میکرزمیں گیل کا پانچواں نمبر ہوگیا، سب سے زیادہ 49 ون ڈے سنچریوں کا ریکارڈ بھارتی لٹل ماسٹر سچن ٹنڈولکر کے قبضے میں ہے، اس کے بعد رکی پونٹنگ(30)، جے سوریا (28) اور سارو گنگولی(22) کے ساتھ موجود ہیں، کنگسٹن میں یہ ان کی تیسری سنچری رہی، اس طرح انھوں نے اس وینیو پر چندرپال کی دو سنچریاں بنانے کا ریکارڈ بھی توڑ ڈالا۔

تبصرے بند ہیں.