وفاقی وزیر تجارت نے 3روزہ انٹیریئر پاکستان نمائش کا افتتاح کردیا

اسلام آباد: وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیرخان نے کہا ہے کہ پاکستان کی تجارتی اساس میں وسعت کے لیے کوشاں ہیں، ٹیکسٹائل، لیدر، زرعی اجناس اور سیمنٹ کے ساتھ مزید شعبوں جیمز اینڈ جیولری، فرنیچر، لائٹ انجینئرنگ، سروسز اور دیگرابھرتے ہوئے سیکٹرز کی برآمدات بڑھانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، ان سیکٹرز کی بیرون ملک نمائشوں میں شمولیت بڑھانے کے لیے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔

پاکستان فرنیچر کونسل کے زیراہتمام 3روزہ انٹیریئر پاکستان نمائش کے افتتاح اور اس کے شرکا سے خطاب میں کہا کہ پاکستانی برآمدات میں نئی مصنوعات کی شمولیت نئی ٹریڈ پالیسی کا اہم ستون ہے جس کے لیے متعدد مراعات کا اعلان کیا جائے گا، پاکستانی فرنیچر انتہائی پائیدار ہے جس میں مقامی ثقافت کا رنگ نمایاں ہے، اس میں جدت کے ذریعے بیرون ملک طلب میں اضافہ کیا جا سکتا ہے، اس سلسلے میں ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان بین الاقوامی نمائشوں میں فرنیچر اور دوسرے ابھرتے ہوئے تجارتی شعبوں کو لاجسٹک اور مارکیٹنگ کی سہولتیں فراہم کرے گی۔

تبصرے بند ہیں.