9نومبرکوتجارتی مراکز،مارکیٹس اور دکانیں کھلی رکھنے کااعلان

کراچی: سندھ تاجر اتحاد کے جنرل سیکریٹری اسماعیل لالپوریہ نے اعلان کیا ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں 9 نومبر کو تمام کاروباری و تجارتی مراکز، مارکٹیں اور دکانیں معمول کے مطابق کھلی رہیں گے۔

جمعہ کو اپنے دفتر میں تاجروں کے وفود سے ملاقات میں انھوں نے کہاکہ وفاقی حکومت کے 9 نومبر کی عام تعطیل ختم کرنے کے اعلان پر سندھ تاجر اتحاد نے بھی تمام مارکیٹیں کھلی رکھنے کیلیے سرکلر جاری کردیاہے، حکومت ود ہولڈنگ ٹیکس کے معاملے پر وعدے کو پورا کرے اور ابہام ختم کیا جائے،کراچی کی مارکیٹوں اور کاروباری مراکز میں چوری اور ڈکیتیوں کی وارداتوں سے نمٹنے کیلیے سیکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کیے جائیں اور مارکیٹوں میں اضافی پولیس و رینجرز کی نفری تعینات کی جائے۔

تاجروں کے ودہولڈنگ ٹیکس کے متعلق سوال پر انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں وفد اتحاد کے چیئرمین جمیل احمد پراچہ کی قیادت میں اس وقت بھی اسلام آباد میں ہے، وفاقی وزیر خزانہ نے تاجر رہنماؤں کے ہمراہ گزشتہ ماہ پریس کانفرنس میں یقین دہانی کرائی تھی کہ جلد ہی تاجروں کو اس سلسلے میں خوشخبری سنائی جائے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر اس ابہام کے خاتمے کیلیے وفاقی حکومت اقدامات کرے۔

تبصرے بند ہیں.