پٹرول اور ٹماٹر مہنگے ہونے سے ہفتہ وار افراط زر میں0.94فیصد اضافہ

کراچی:  ملک میں پٹرول، ٹماٹر، چکن اورآلو مہنگے ہونے کے باعث ہفتہ وار افراط زر کی شرح میں0.94 فیصد کا اضافہ ہوگیا۔

پاکستان بیورو شماریات (پی بی ایس) کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 5 نومبر 2015 کو ختم ہونے والے ہفتے میں ملک میں ٹماٹر کی اوسط قیمت ہفتہ وار بنیادوں پر 36.66 فیصد کے اضافے سے 94.47 روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئی، چند ایک کو چھوڑ کر بیشتر شہروں بشمول اسلام آباد، لاہور میں ٹماٹر 100 روپے جبکہ کراچی اور حیدرآباد میں120 روپے فی کلوگرم فروخت ہو رہا ہے۔

اسی طرح زندہ مرغی 11.09 فیصد کے اضافے سے ملک میں اوسطاً 134.45 روپے فی کلوگرام دستیاب ہے، آلو کی قیمت بھی 5.62 فیصد بڑھ کر 34.41 روپے فی کلوگرام ہو گئی جبکہ پٹرول کی قیمت 3.50 فیصد اضافے کے نتیجے میں 77.17 روپے فی لیٹر ہوگئی جو 29اکتوبر2015 کو ختم ہفتے میں 74.56 روپے فی لیٹر تھی۔

اس کے علاوہ لہسن2.67 فیصد، ہائی اسپیڈ ڈیزل 2.27 فیصد، انڈے1.75 فیصد، چائے کی پتی1.36 فیصد، ایل پی جی گھریلو سلنڈر 1.08 فیصد، دال ماش0.76 فیصد، مٹی کا تیل0.75 فیصد، گائے کے گوشت کی پکی پلیٹ (اوسط ہوٹل) 0.74 فیصد، دال کی پکی پلیٹ (اوسط ہوٹل) 0.64 فیصد، گندم 0.38 فیصد، جلانے کی لکڑی0.25 فیصد، بکرے کا گوشت 0.24 فیصد مہنگا ہوگیا، گزشتہ ہفتے مجموعی طور پر 22 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

تبصرے بند ہیں.