وزیر داخلہ چوہدری نثار سے امریکی سفیر رچرڈ اولسن کی ملاقات

اسلام آباد: وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے جمعے کو ملاقات کی جس میں خطے میں سلامتی کی صورتحال سمیت دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ پاکستان امریکا سے شفافیت، باہمی اقدام اور ہم آہنگی کی بنیاد پرتعلقات کا خواہاں ہے۔ انھوں نے امریکی سفیر کو پاکستان میں دہشت گردی اور عسکریت پسندی کے خاتمے کے لیے وزرات داخلہ کی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ ملاقات میں انسداد دہشتگردی پر ورکنگ گروپ سمیت اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے مختلف پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔امریکی سفیر نے کہا کہ پاکستان اپنی سیکیورٹی کومضبوط بنانے میں امریکی تجربات سے استفادہ کرسکتا ہے۔ انھوں نے اس سلسلے میں ہر قسم کے ادارہ جاتی تعاون کی پیشکش کی۔ انھوں نے وزیر داخلہ کو آئندہ ماہ امریکا میں امکانی طور پرہونے والے اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے اجلاس کی صدارت کی بھی دعوت دی۔ ملاقات میں حکومت پاکستان کی طرف سے خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اے پی سی کی قرارداد سمیت امن کے لیے حالیہ اقدامات کے مختلف پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

تبصرے بند ہیں.