Latest National, International, Sports & Business News

وزیراعظم کا لیاری میں گینگ وارکے باعث علاقے سے لوگوں کی نقل مکانی کا نوٹس

اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف نے کراچی کے علاقے لیاری میں گینگ وار کے باعث علاقے سے لوگوں کی نقل مکانی کا نوٹس لے لیا ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف نے سیکریٹری داخلہ اور ڈی جی آئی بی کو فوری کراچی پہنچنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ فریقین سے ملاقات کر کے لیاری کی صحیح صورتحال معلوم کی جائے اور پتہ کیا جائے کہ وفاقی حکومت مسئلے کے حل میں کس طرح مدد کرسکتی ہے۔ انہوں نے سیکریٹری داخلہ اور ڈی جی آئی بی کو دیگر اسٹیک ہولڈرز سے بھی ملاقات کرنے کی ہدایت کی تاکہ اس مسئلے کے حل کو جلد از جلد ممکن بنایا جاسکے اور علاقہ مکین واپس اپنے گھروں کو لوٹ سکیں، وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت امن وامان کے قیام کے لئے سندھ حکومت سے ہر ممکن تعاون کرنے کو تیار ہے۔ واضح رہے کہ لیاری میں گزشتہ کئی دنوں سے لیاری گینگ وار کے باعث پھیلنے والی بدامنی کی وجہ سے کچھی برادی کے سیکڑوں خاندان علاقے سے نقل مکانی کرچکے ہیں اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

تبصرے بند ہیں.