ورلڈ ٹی 20 کوالیفائر؛ آئرلینڈ نے فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی

ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کوالیفائرز میں آئر لینڈ نے یو اے ای کو 5 رنز سے شکست دے کر فتوحات کی ہیٹ ٹرک کی بدولت پول اے میں ٹاپ پوزیشن برقرار رکھی۔ افغانستان نے ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت پاپوا نیوگنی کا 6 وکٹ سے شکار کر لیا، ہالینڈ نے برمودا کو با آسانی 8 وکٹ سے ہرا دیا، امریکا کے خلاف نمیبیا کی ٹیم 35 رنز سے سرخرو ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق دفاعی چیمپئن آئرلینڈ نے مسلسل تیسری فتح کے ساتھ پول اے میں ٹاپ پوزیشن برقرار رکھی ہے۔ ابوظبی میں کھیلے جانے والے میچ میں آئرش ٹیم نے ولسن کے ناقابل شکست 53 اور کیون اوبرائن کے 47 رنز کی بدولت 5 وکٹ پر 138 کا مجموعہ حاصل کیا، گروجی اور سلوا نے 2،2 شکار کیے، یو اے ای کی کوشش 133 تک محدود رہی، خرم خان 35 کے ساتھ ٹاپ اسکورر تھے،ڈوکرل اور سورنسن نے ایک ایک آؤٹ کیا، شارجہ میں نیوگنی نے 6 وکٹ پر 167 کا قابل قدر مجموعہ تشکیل دیا، ٹی پی یورا کے 56 رنز شامل تھے۔سمیع اللہ شنواری نے 3 وکٹیں لیں، بارش کے باعث 7 اوورز میں 69 رنز کا ہدف مقرر کیا گیا جو فاتح ٹیم نے 4 وکٹیں گنوا کر آخری گیند پر حاصل کیا، محمد نبی 36 پر ناقابل شکست رہے۔ دبئی میں برمودا نے 8 وکٹ پر 144 رنز بنائے، جے ٹکر 51 کے ساتھ ٹاپ اسکورر تھے۔ ہالینڈ نے مے برگ کے ناقابل شکست 78 رنز سے تقویت پاتے ہوئے ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر عبور کیا تو 4 اوورز باقی تھے، رابنسن کی 2 وکٹیں کسی کام نہ آئیں۔ ابوظبی میں نمیبیا نے 4 وکٹ پر 163 کا ٹوٹل حاصل کیا، اسٹیفن برگر نے 43 رنز کے ساتھ قیادت کا حق ادا کیا، ہچنسن اور گنیش نے 2،2 وکٹوں کا بٹوارہ کیا۔ امریکی ٹیم بھرپور کوشش کے باوجود 8 وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز ہی بنا پائی۔

تبصرے بند ہیں.