سچن ٹنڈولکر میرے عہد کا عظیم کھلاڑی ہے، مرلی دھرن

مرلی دھرن کا کہنا ہے کہ ٹنڈولکر میرے دور کا عظیم کھلاڑی ہے، ان کی وکٹ حاصل کرنا ہمارے لیے بہت اہمیت رکھتی تھی ، سخت محنت اور لگن نے ٹنڈولکر کو ’لیجنڈ‘ بنادیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے مایہ ناز اسپنر متیہ مرلی دھرن بھارتی بیٹنگ لیجنڈ سچن ٹنڈولکر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ وہ میرے دور کے عظیم کھلاڑی اور اپنی نسل کے ’سب سے بڑے کرکٹر‘ ہیں، 24 برس تک ’سچے جنٹلمین‘ کی حیثیت سے کھیلنے والے ٹنڈولکر کی وکٹ حاصل کرنا ہمارے لیے بہت اہمیت رکھتی تھی۔ ٹنڈولکر کے ساتھ کئی مقابلوں کا سامنا کرنیوالے مرلی دھرن کا کہنا ہے کہ سخت محنت اور لگن نے سچن کو کئی برسوں میں ’لیجنڈ‘ بنادیا ہے، جنھوں نے کرکٹ کو انتہائی گرم جوشی ، جذبے اور عزت کے ساتھ کھیلا ہے۔ اپنے 20 سالہ طویل انٹرنیشنل کیریئر میں 800 ٹیسٹ وکٹیں اور 500 ایک روزہ شکار کرنیوالے 41 سالہ آف اسپنر کا کہنا ہے کہ اگر ایوریجز پر نظر ڈالی جائے تو سر ڈان بریڈمین عظیم کھلاڑی ہیں لیکن جہاں تک رنز کی تعداد اور کھیلنے کی مدت کا جائزہ لیا جائے تو ٹنڈولکر اپنے دور کے عظیم ترین پلیئر ہیں۔ مرلی دھرن کہتے ہیں کہ گیم کے لیے ٹنڈولکر کی محبت، ان کا سلوک، ہر میچ سے قبل سخت محنت کرنا، گیم کیلیے گھنٹوں پریکٹس کرنا، یہی چیزیں ہیں جنھوں نے انھیں عظیم پلیئر بنایا، سچن بہت حیرت انگیز ہیں اور میں نے انھیں اس دوران ویسا ہی پایا جیسے وہ 24 برس قبل تھے۔ یاد رہے کہ آنکھوں میں نمی لیے ٹنڈولکر گذشتہ ہفتے کے روز دنیائے کرکٹ سے رخصت ہوگئے ہیں، انھوں نے اپنے 24 سالہ کیریئر کا اختتام اپنے ہوم گراؤنڈ وانکھیڈے اسٹیڈیم پر کیا ، جہاں بھارت نے بدقسمت ویسٹ انڈیز کو ایک اننگز اور 126 رنز سے پچھاڑ کر دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز 2-0 سے جیت لی تھی۔ٹنڈولکر کو اپنے ہم عصر کرکٹرز میں انتہائی عظیم بیٹسمین جانا جاتا تھا، انٹرنیشنل کرکٹ میں انتہائی کامیاب بیٹسمین ہونے کے ساتھ انھوں نے 200 ٹیسٹس میں 15 ہزار 921 رنز بنائے، گذشتہ برس ختم ہونیوالے اپنے ایک روزہ میچز کے کیریئر میں انھوں نے 463 میچز میں 18 ہزار 426 رنز اسکور کیے تھے۔ ممبئی سے تعلق رکھنے والے واحد بیٹسمین نے انٹرنیشنل کرکٹ میں 100 سنچریز بنائی ہیں ، ایک روزہ میچز میں ڈبل سنچری بنانیوالے وہ پہلے بیٹسمین ہیں ۔ 1993 میں پہلی مرتبہ ایک روزہ سیریز میں ٹنڈولکر کا سامنا کرنیوالے مرلی دھرن کا کہنا ہے کہ ٹنڈولکر نے انھیں کئی طریقوں سے متاثر کیا ہے، انھوں نے مجھے گیم کیلیے اپنے جذبے اور لگن سے متاثر کیا، ان کی کھیل میں شراکت ہمیشہ یاد رکھی جائیگی، وہ ایک سچے جنٹلمین کی طرح کھیلے۔ انھوں نے اپنے آپ کو ایک محترم حیثیت سے رکھا، 24 برس تک کھیلنا ان کی عظمت کو ظاہر کرتا ہے ، گیم کا ایک جنٹلمین ہونے کے ناطے وہ ہمیشہ عجز وانکساری سے پیش آتے تھے، وہ انتہائی نمایاں پلیئر تھے۔ مرلی دھرن کا کہنا ہے کہ چیمپئن بیٹسمین تمام صورتحال ، ہر قسم کی بولنگ کیخلاف سب سے بہتر تھے اور ان کے حریف ہمیشہ ان کی وکٹ حاصل کرنے کیلیے ’خصوصی حکمت عملی‘ مرتب کرتے تھے۔ ٹنڈولکر کو ریٹائرمنٹ کے بعد کی زندگی کیلیے نیک تمناؤں کا پیغام دیتے ہوئے مرلی دھرن کہتے ہیں کہ بھارت ان کی ذہانت اور تجربے سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔

تبصرے بند ہیں.