وائم عمار دھامنی کی بالی وڈ کی فلم ’’ڈالرز‘‘ میں بولڈ مناظر کے ساتھ انٹری

لاہور: پاکستانی فلم ’’ عشق خدا‘‘ سے فلمی دنیا میں قدم رکھنے والی مراکشی اداکارہ وگلوکارہ وائم عماردھامنی نے بالی وڈ میں اپنی پہلی فلم ’’ڈالرز‘‘ میں بولڈ مناظرکے ساتھ انٹری دیدی ہے۔ فلم میں وائم ایک اعراقی مسلم لڑکی کا کردار نبھا رہی ہیں ۔ فلم کی 40 فیصد عکسبندی دبئی میں مکمل کرلی گئی ہے۔ جب کہ بغداد، لندن اورممبئی سمیت دیگرمقامات پرفلم کی عکسبندی کا شیڈول ترتیب دیا جارہا ہے۔ فلم کے ہدایتکارو پروڈیوسر سمیرخان ہیں اوراس فلم کی کہانی عراق کے سابقہ صدرصدام حسین کے بعد وہاں سے ملنے والے امریکی ڈالرز کے گرد گھومتی ہے جس کی تلاش میں دنیا بھر سے لوگ آتے ہیں اوراسی دوران وائم کوایک ہندوستانی نوجوان سے محبت ہوجاتی ہے۔ ایکشن اوررومانوی فلم میں جہاں وائم مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں وہیں ان کے مدمقابل ابھرتے ہوئے اداکارنارائن اورتیلگوفلم انڈسٹری کی سپراسٹار رچنا بھی اہم کرداروں میں دکھائی دینگی۔ فلم کا میوزک معروف میوزک ڈائریکٹر ساجد واجد نے کمپوز کیا ہے جب کہ اس فلم کے تمام گیت’’عاشقی ٹو‘‘ سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے گلوکار اریجیت سنگھ کی آواز میں ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ وائم عماردھامنی ان دنوں ممبئی میں فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔فون پر خصوصی انٹرویودیتے ہوئے وائم نے بتایا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ اداکاری کاموقع ملا اوریہ تجربہ بہت شاندار رہا۔ ہدایتکار شہزاد رفیق اورساتھی فنکاروں احسن خان، شان ، میرا اور صائمہ نے بہت سپورٹ کیا اوراس لیے کیرئیر کا پہلا تجربہ یادگاربن گیا۔ پاکستان اب مجھے اپنے گھرجیسا لگتا ہے۔ دوبارہ جب بھی کوئی اچھا پراجیکٹ آفر کیا جائے گاتومیں یہاں ضرور کام کرونگی۔ وائم دامنی نے کہا کہ ’’عشق خدا‘‘ کے بعد مجھے بالی وڈ سے کام کرنے کی آفرز تھیں۔ اس لیے میں نے اپنے کیرئیرکی پہلی بالی وڈ فلم ’’ ڈالرز‘‘ سائن کی تھی۔ اس فلم میں مجھے مرکزی کردار دیا گیا ہے جوبالی وڈمیں میری بہترین انٹری میں اہم کردارادا کرے گا۔ جہاں تک بات فلم میں بولڈ مناظر کے ہیں تو بالی وڈ میں بننے والی زیادہ ترفلمیں ایسی ہی ہوتی ہیں جن میں بولڈ مناظر شامل کیے جاتے ہیں۔ میں ایک اداکارہ ہوں اور میں نے اپنے کردار کی ڈیمانڈ کو پورا کرتے ہوئے بولڈ سین عکسبند کروائے ہیں۔فلم کی کہانی صدام حسین کے بعد اعراق میں موجود ڈالرز کی تلاش پرمبنی ہے، جوفلم بینوں کی توجہ کا مرکز بنے گی۔ فلم کی کہانی، لوکیشنز اورمیوزک بہت منفرد ہے۔ اس لیے مجھے امید ہے کہ جب ہماری فلم ریلیز ہوگی تواس کا زبردست رسپانس سامنے آئے گا۔ ایک سوال کے جواب میں وائم عمارنے بتایا کہ پاکستان اوربھارت کی فلم انڈسٹری میں کام کرنے والے لوگ بہت باصلاحیت ہیں لیکن فرق صرف وسائل کا ہے۔ پاکستان میں وسائل کی کمی کے باوجود ایک بین الاقوامی معیارکی فلم بنائی جب کہ بالی وڈ میں بے پناہ وسائل ہیں اوردوسرا یہاں پرکام کرنے والے بہت پروفیشنل ہیں۔ یہاں پروقت کی بہت قدر کی جاتی ہے۔ شوٹنگ کے موقع پرکاسٹ اورٹیم میں شامل تمام لوگ لوکیشن پرموجود ہوتے ہیں جس کی وجہ سے کام کرنے کا مزہ آتا ہے ۔ دوسری جانب پاکستان میں شوٹنگ کے موقع پراکثر ’’سپر اسٹارز‘‘ لیٹ آتے تھے جس کی وجہ سے بہت پریشانی کا سامنا رہتا تھا۔ انھوں نے بتایا کہ فلم کی شوٹنگ کے ساتھ ساتھ گانے بھی پکچرائز کیے جارہے ہیں۔ جن میں سے تین گیت مجھ پرہونگے جب کہ ایک گیت میں میرے ساتھ رچنا بھی شامل ہونگی۔ اس کے علاوہ فلم میں ایک آئٹم سانگ بھی شامل کیا گیا ہے۔ اس میں سب کے لیے سرپرائز ہے جس کے بارے میںفی الحال کچھ نہیں بتاسکتی۔ وائم نے مزید بتایا کہ دبئی میں فلم کی عکسبندی مکمل کرلی گئی ہے اوراب ممبئی میں شوٹنگ جاری ہے لیکن بغداد میں شوٹنگ کرنے کے لیے شیڈول ترتیب دینے میں خاصی دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کیونکہ وہاں کے حالات اکثرخراب ہی رہتے ہیں مگروہاں پرشوٹنگ کیے بغیرفلم کی کہانی مکمل نہیں ہوسکے گی۔ اس لیے ہوسکتا ہے کہ ہم لوگ پہلے برطانیہ میں شوٹنگ کریں اوراس کے بعد بغداد جائیں۔ اس اعتبار سے دیکھا جائے توبالی ووڈ میں اپنے کیرئیر کی پہلی میں کام کرنے کا تجربہ بہت اچھا جارہا ہے۔ مجھے بہت سے کلچر دیکھنے کے موقع مل رہا ہے اورپھر اس دوران بہت سے اچھے لوگ ملے ہیں جن سے بہت کچھ سیکھ رہی ہوں۔ انھوں نے کہا کہ بالی ووڈ میری منزل نہیں ہے۔ میں ایک پروفیشنل اداکارہ ہوں اورمستقبل میں ہالی ووڈ کے لیے بھی کام کرنا میری اولین ترجیح ہوگا۔ اس سلسلہ میں ہالی ووڈ کے معروف فلمساز ادارے نے مجھے دسمبر کے وسط میں آڈیشن کے لیے نیویارک آنے کی دعوت دی ہے۔ اس دوران جہاں آڈیشن میں میری فنکارانہ صلاحیتوں کو پرکھا جائے گا وہیں انگریزی کے تلفظ پر بھی خاص غور کیا جائے گا۔ میں نے اس آڈیشن کے لیے ابھی سے تیاری شروع کر دی ہے۔ میری کوشش ہو گی کہ بالی ووڈ کی طرح ہالی ووڈ میں بھی شاندار انٹری کروں۔

تبصرے بند ہیں.