نیوزی لینڈ کے ریکارڈز نے شارجہ ٹیسٹ کو تاریخ ساز بنا دیا

یونس سولہویں بار صفر پر آئوٹ ، کیویز نے پاکستان کیخلاف چھیاسٹھ چوکے اور بائیس چھکے لگائے

شارجہ : شارجہ ٹیسٹ جہاں نیوزی لینڈ کی زبردست کارکردگی کی وجہ سے یادگار بنا ، وہیں اس کے ریکارڈز نے بھی اسے تاریخ ساز بنا دیا ۔ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کا زبردست آغاز کرنے والے یونس خان تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں تو آ کر بالکل ہی گھٹنے ٹیک گئے ۔ پہلی اننگز میں صرف پانچ رنز بنا سکے جبکہ دوسری باری وہ کھاتہ بھی نہ کھول سکے ۔ ٹیسٹ کیرئر میں وہ سولہویں بار صفر پر آؤٹ ہوئے ، اس ناکامی کے ساتھ وہ ساتویں پاکستانی بیٹسمین بن گئے ۔ شارجہ ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ نے چھ سو نوے رنز کا پہاڑ جیسا ٹوٹل کھڑا کر دیا ، کیویز کا یہ پہلا معرکہ ہے جبکہ پاکستان کے خلاف بننے والا بڑے سے بڑا دوسرا ٹوٹل ہے ۔ قومی بولرز کی اتنی دھلائی نے کوچ وقار یونس اور مشتاق احمد کی کارکردگی دکھا دی،،کیویز نے قومی شاہینوں کو مار مار کر گویا ادھ موا کر دیا ۔ چھیاسٹھ چوکے اور بائیس چھکے یعنی اٹھاسی باؤنڈریز ، بیٹنگ میں یہ اندھیر نگری بھی تاریخی بنی کہ اس سے پہلے ستاسی باؤنڈریز کا ریکارڈ تھا ۔ کیوی بلے بازوں کا بلا تو گویا بلا بنا رہا ، ایک دو نہیں ، آدھی ٹیم بھی نہیں بلکہ پورے چھ بیٹسمین نے ففٹیز کیں اور یہ اعزاز بھی نیوزی لینڈ کو پہلی بار ملا ہے ۔ چھ سو نوے رنز بنائے ، ٹیسٹ کیرئر میں نیوزی لینڈ کا یہ سب سے بڑا معرکہ ہے ، اس سے پہلے رواں سال فروری میں کیویز نے اپنے دیس میں بھارت کے خلاف چھ سو اسی رنز پر اننگز ڈکلیئر کی تھی ۔ نیوزی لینڈ کے ان تمام ریکارڈز کا سہرا کپتان برینڈن میکلم کے سر ہے جن کی ڈبل سنچری بذات خود تاریخ ساز بن گئی ۔ ایک سال میں تین ڈبل سنچریاں داغنے والے وہ دنیا کے چوتھے بلے باز بن گئے ۔ ان سے پہلے یہ کارنامہ سر ڈان بریڈ مین، مائیکل کلارک اور رکی پونٹنگ نے انجام دیا ۔

تبصرے بند ہیں.