Latest National, International, Sports & Business News

نواز شریف کے رائے ونڈ محل کے اطراف رہائشی اسکیموں پر پابندی

وزیراعظم نواز شریف کے رائے ونڈ محل کے اطراف 2 ہزار ایکڑ کے علاقے میں رہائشی اسکیموں پر پابندی لگادی گئی، اس فیصلے سے علاقے میں زمین کی قیمت کئی گنا کم ہوگئی جس کا خمیازہ مالکان کو اُٹھانا پڑرہا ہے۔ لاہور میں ترقیاتی کاموں اور رہائشی اسکیموں کی تعمیر سے متعلق پنجاب حکومت نے اپنے ماسٹر پلان میں تبدیلی کا نوٹیفکیشن رواں سال مارچ میں جاری کیا، جس کے مطابق جاتی عمرہ اور اس کے ملحقہ علاقوں کو رہائشی سے زرعی علاقے کا درجہ دیتے ہوئے یہاں ہر قسم کی رہائشی اسکیموں پر پابندی عائد کردی گئی۔ اس فیصلے نے جاتی عمرہ کی 2 ہزار ایکڑ پر محیط اراضی کو دو کوڑی کا کردیا اور اس کے سینکڑوں مالکان حکومت کا منہ تکتے رہ گئے۔ ضلعی انتظامیہ کے جاری کردہ نوٹیفیکشن کے مطابق صرف پہلے سے منظور شدہ ہاؤسنگ اسکیمیں تعمیراتی کام کرسکتی ہیں لیکن کسی بھی نئی نجی یا سرکاری ہاؤسنگ اسکیم کی تعمیر پر پابندی ہوگی۔ سینکڑوں افراد کے لئے نقصان کا باعث بننے والے اس نوٹیفکیشن کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا، جو تاحال زیر سماعت ہے۔ درخواست گزار وکیل کے مطابق حکومت کے فیصلے کا مقصد شریف برادران کا اپنی رہائش گاہ کے گرد آبادی کو روکنا ہے، جو درست نہیں۔

تبصرے بند ہیں.