ناٹنگھم ٹیسٹ، آسٹریلیا کو شکست کی آہٹ سنائی دینے لگی

ناٹنگھم: ناٹنگھم ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو شکست کی آہٹ سنائی دینی لگی، 311 رنز کے تعاقب میں بیٹنگ یکدم ڈگمگا گئی، صرف 4 رنز کے دوران 3 وکٹیں گرگئیں۔ چوتھے روز کا اختتام 6 وکٹ پر174 رنز کے ساتھ کیا، فتح کیلیے مزید137 رنز درکار جبکہ4 وکٹیں باقی ہیں، پہلی اننگز میں 98 رنز بنانے والے ایشٹون ایگر سے ایک بار پھر عمدہ پرفارمنس کی توقعات وابستہ کر لی گئیں، ان کے ساتھ بریڈ ہیڈن موجود ہیں، قبل ازیں انگلینڈ کی دوسری اننگز کا 375 رنز پر اختتام ہوا، بیل18ویں سنچری مکمل کرنے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی اوپنرز شین واٹسن اور کرس روجرز نے 311 رنز کا ہدف پُراعتماد انداز سے شروع کیا،84 رنز کی شراکت نے میزبان ٹیم کو تشویش کا شکار کر دیا، ایسے میں امپائر کمار دھرماسینا مدد کو سامنے آئے۔ انھوں نے شین واٹسن (46) کو اسٹورٹ براڈ کی گیند پر متنازع انداز میں ایل بی ڈبلیو قرار دیا،گیند بیٹ کو پہلے چھوتی دکھائی دے رہی تھی مگر ریویو کے باوجود فیلڈ امپائر کا فیصلہ برقرار رکھا گیا، جلد ہی 85 پر دوسری وکٹ بھی گر جاتی جب روجرز کوگریم سوان کی گیند پر کاٹ بی ہائنڈ قرار دے دیا گیا،اس وقت وہ 38 رنز پر کھیل رہے تھے مگر انھوں نے فیصلے کو چیلنج کرکے وکٹ بچائی، انھوں نے 35 برس کی عمر میں کیریئر کی پہلی ففٹی مکمل کی لیکن اس کے بعد 52 رنز پر جیمز اینڈرسن کی گیند پر بیل کے ہاتھوں کیچ ہوگئے، ان سے پہلے ایڈکوان کو 14 رنز پر پارٹ ٹائم اسپنر جوئے روٹ نے ٹروٹ کی مدد سے قابو کیا۔مجموعی اسکور جب 161 تک پہنچا تو مڈل آرڈر بیٹنگ یکدم لڑکھڑا گئی،کپتان مائیکل کلارک (23) براڈ کی گیند پر کاٹ بی ہائنڈ ہوئے جبکہ اسٹیون اسمتھ (17) اور فل ہیوز (0) کو سوان نے ایل بی ڈبلیو کردیا، جب چوتھے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو آسٹریلیا نے 6 وکٹ پر 174 رنز بنالیے تھے، بریڈ ہیڈن 11 اور ایشٹون ایگر 1 رن پرناٹ آؤٹ رہے، یاد رہے کہ ٹرینٹ برج میں سب سے بڑا284رنز کا ہدف انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کیخلاف حاصل کیا تھا۔ قبل ازیں میزبان نے دوسری نامکمل اننگز کا آغاز 326 رنز 6 وکٹ سے کیا، بیل نے اسٹارک کی گیند پر سنگل سے کر کیریئر کی 18 ویں سنچری مکمل کی، براڈ کے ساتھ 138 کی شراکت کا خاتمہ پیٹنسن کے ہاتھوں ہوا،براڈ نے وکٹ کیپر بریڈ ہیڈن کو کیچ دینے سے قبل 65 رنز بنائے، بیل کو اسٹارک نے ہیڈن کی مدد سے قابو کیا، انھوں نے 109 رنز اسکور کیے، سوان (9) اور جیمز اینڈرسن (0) سڈل کا شکار ثابت ہوئے، وہ اور اسٹارک3،3 جبکہ پیٹنسن اور ایشٹون ایگر2،2 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔

تبصرے بند ہیں.