میڈرڈ ٹینس، سرینا ولیمز نے سنگلز ٹائٹلز کی گولڈن جوبلی مکمل کرلی

میڈرڈ: امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولیمز نے میڈرڈ ماسٹرز کے فائنل میں کامیابی کی بدولت سنگلز ٹائٹلز جیتنے کی گولڈن جوبلی مکمل کرلی۔ یہ ورلڈنمبرون کے کیریئر کا 50واں انفرادی اعزاز ہے، روسی حریف ماریا شراپووا پر حاصل بالادستی قائم رہی، روسی حریف 2004 سے اب تک ہونے والے درجن بھر مقابلوں میں ایک بھی مرتبہ سرینا کو شکست دینے میں کامیاب نہیں ہوپائی ہیں، مینز ٹرافی رافیل نڈال نے اپنے نام کرلی، ویمنز ڈبلز میں روس کی اناستاسیا پاولینچکووا اور لوسیاہارڈیکا نے کامیابی حاصل کی جبکہ مینز ڈبلز میں امریکی برائن برادرز باب اور مائیک نے میدان مارلیا۔ تفصیلات کے مطابق میڈرڈ ماسٹرز ٹینس میں بھی ماریا شراپووا نے امریکی پلیئر سرینا ولیمز کو زیر کرنے کا موقع کھودیا، ورلڈ نمبرون کھلاڑی نے 6-1،6-4 سے فائنل جیت کر کیریئر کی 50ویں سنگلز ٹرافی اپنے نام کرلی، اس طرح سرینا کے ہاتھوں ماریا کی لگاتار شکستوں کا سلسلہ12میچز تک دراز ہوگیا، اس کامیابی کے بعد سرینا ولیمز آئندہ چند دنوںمیں شروع ہونے والے سیزن کے دوسرے گرینڈ سلم فرنچ اوپن میں بھی میدان مارنے کیلیے زیادہ پراعتماد ہوگئی ہیں، ریڈ کلے پر انھوں نے اب تک آخری مرتبہ 2002 میں ٹائٹل جیتا ہے، واضح رہے کہ گذشتہ برس میڈرڈ ماسٹرز میں روایتی اورنج مٹی کی بجائے بلو رنگ کو جگہ دی گئی تھی، تاہم پلیئرز کے اعتراضات کے نتیجے میں اس برس ایونٹ اپنے روایتی ریڈ کلر میں مکمل کیاگیا، سرینا نے کہاکہ میں میڈرڈ میں ٹائٹل جیتنے کے بعد اپنے کھیل کو درست سمت میں محسوس کررہی ہوں۔

تبصرے بند ہیں.