ڈیرن سیمی نے کامیابی کا کریڈٹ وقار یونس کو دے دیا

موہالی: سن رائزرحیدرآباد کے آل راؤنڈر ڈیرن سیمی نے اپنی کامیابی کا کریڈٹ وقار یونس کو دے دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ بولنگ کوچ نے کنگز الیون پنجاب کے خلاف ٹیسٹ جیسی گیندیں کرنے کی ہدایت کی، ان سے بہت کچھ سیکھنے کو مل رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز کے ٹیسٹ کپتان ڈیرن سیمی نے کنگز الیون پنجاب کے خلاف چار وکٹیں لے کر اپنی ٹیم سن رائزرز حیدرآباد کو فتح سے ہمکنار کیا تھا، انھوں نے اپنی اس شاندار پرفارمنس کا کریڈٹ اپنی ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس کو دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ موہالی کی وکٹ کے اچھی لینتھ والی جگہوں پر گھاس موجود تھا، جس کو دیکھتے ہوئے وقار نے ہمیں ٹیسٹ میچ کے انداز میں گیندیں کرنے کو کہا جس میں ہم گیند کو ایک مخصوص جگہ پر کرتے اور اس کے بعد وکٹ پر چھوڑ دیتے ہیں کہ وہ اس کو بیٹسمین تک کس انداز میں بھیجتی ہے۔ سیمی نے ایڈم گلکرسٹ اور شان مارش کے ساتھ ڈیوڈ ملر کو بھی آؤٹ کیا جنھوں نے گذشتہ ہفتے اسی وینیو پر رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف 38 بالز پر 101 رنز بنائے تھے۔ انھوں نے کہا کہ کنگز الیون کے تقریباً تمام ہی کھلاڑی کافی خطرناک ہیں مگر خاص طور پر ہم نے ڈیوڈ ملر کے خلاف خصوصی پلان تیار کیا تھا کیونکہ وہ بڑی اننگز کھیل چکا تھا، اس لیے ہم نے اسے اچھی لینتھ کے ساتھ چارہ ڈال کر قابو کیا۔ سیمی نے مزید کہا کہ وقار یونس کے ساتھ کام کرنے سے مجھے کافی فائدہ ہوا ہے، وہ بہت زیادہ تجربہ کار ہیں، میں نے ان سے ایک چیز سیکھی ہے کہ ذہنی طور پر آپ کو کلیئر ہونا چاہیے کہ آپ کو کس انداز میں گیند کرنی ہے اور پھر جب آپ گیند کریں تو وہ وہی ہو۔

تبصرے بند ہیں.