مہنگائی کی نئی لہر، آٹا ، چینی ، سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ

نان روٹی ایسوسی ایشن کا نان کی قیمت بڑھا کر 20 روپے کرنے کا عندیہ

لاہور(جنرل رپورٹر) متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن نے عید الضحیٰ کے بعد نان کی قیمت 15 روپے سے بڑھا کر 20 روپے کرنے کا عندیہ دیدیا، عہدیداران کے مطابق فائن میدے کی قیمتوں میں اضافے کے بعد قیمتیں بڑھائیں گے۔میدے اور فائن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا معاملہ، متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن نے فلور ملز مالکان کی جانب سے میدے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کو مسترد کر دیا۔حکومتی اقدامات کے باوجود چینی کی قیمت کو پر لگ گئے۔ مسلسل چوتھے ہفتے بھی قیمت میں اڑھائی روپے کلو کا اضافہ ہوا۔ ایک ماہ کے دوران چینی مجموعی طور پر 7 روپے 26 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔تفصیلات کے مطابق چینی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری ہے، ،ایک ہفتے میں چینی مزید 2 روپے 52 پیسے کلو مہنگی ہو گئی جس کے بعد نئی قیمت 87 روپے 84 پیسے فی کلو ہوگئی۔ادارہ شماریات کےمطابق ایک ماہ کے دوران چینی کی قیمت میں مجموعی طور پر 7 روپے 26 پیسے فی کلو اضافہ ہوا۔ گزشتہ ہفتے میں مہنگائی کی مجموعی شرح 0.21 فیصد بڑھی اور 17 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔آٹے کا 20 کلو تھیلا 34 روپے مہنگا ہوگیا جبکہ پیاز، چھوٹا گوشت اور چاول کی قیمتوں میں بھی ا ضافہ ہوا۔ادارہ شماریات کی رپورٹ میں مزیدکہا گیاہے کہ ایک ہفتے میں 11 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔ برائلر مرغی 20 روپے فی کلو سستی ہوئی جبکہ لہسن، ٹماٹر، دالیں اور ایل پی جی بھی سستی ہوئی ۔ایک ہفتے میں 23 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

تبصرے بند ہیں.