Latest National, International, Sports & Business News

مون سون کے مزید 2 سپیل متوقع، گلیشیئرز پگھلنے سے گلگت اور کشمیر میں سیلاب کا خطرہ

اسلام آباد:چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے کہا ہے کہ ملک اس وقت مون سون کے ساتویں سپیل سے گزر رہا ہے، مزید دو سپیل آئیں گے، گلیشیئرز پگھلنے سے گلگت اور کشمیر کو خطرہ ہے، اسلام آباد اور راولپنڈی بھی متاثر ہوگا۔وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک اور وزیراطلاعات عطاء اللہ تارڑ کے ہمراہ میڈیا بریفنگ کے دوران چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر کا کہنا تھا کہ پاکستان مون سون کے ساتویں سپیل سے گزر رہا ہے، کلائمیٹ چینج کی وجہ سے ہمارے گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں، آئندہ سالوں میں گلیشیئرز پگھلنے کا سلسلہ تیز ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ گلیشیئرز پگھلنے سے گلگت بلتستان اور کشمیر کو خطرہ ہے، اسلام آباد اور راولپنڈی بھی متاثر ہوگا، خیبرپختونخوا میں کلاؤڈبرسٹ نے مون سون کو سیریس کر دیا ہے، ہم 2022 میں بھی سیلابی صورتحال کو دیکھ چکے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اب تک 670 کے قریب جانوں کا ضیاع ہوچکا ہے، بدقسمتی سے 80 سے 90 لوگ لاپتہ ہیں، ابھی مون سون کے 2 سپیل مزید آ رہے ہیں، آخری 2 سپیل بھی 10 ستمبر تک گزر جائیں گے، دس ستمبر کے بعد ہمارے پاس مکمل ڈیٹا موجود ہوگا۔لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے کہا کہ حکومت افواج پاکستان اور دیگر اداروں کی مدد سے ڈیٹا اکٹھا کر رہی ہے، لوگوں کو ریسکیو کرنا اور ریلیف کیمپس میں پہنچانا اولین ترجیح ہے، وزیراعظم کی ہدایت پر 400 سے زائد مقامات پر ریلیف کیمپس قائم کر دیئے گئے ہیں، آرمی کے انجینئرز بھی لوگوں کو ریلیف دینے میں ہر ممکن سپورٹ دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ بونیر اور متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان کے ٹرک قافلوں میں جا رہے ہیں، متاثرہ مقامات پر لوگوں تک راشن پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔چیئرمین این ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ آرمی ایوی ایشن کے بیسز میں ریزروسسٹم موجود ہے، شدید زخمیوں کو بڑے ہسپتالوں میں لایا جائے گا، بڑے سی ایم ایچ ہسپتالوں کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے، وزیراعظم نقصانات پر جلد نیشنل پیکیج کی منظوری دیں گے۔

تبصرے بند ہیں.