ممبئی حملہ کیس؛ گواہوں سے جرح کےلئے بھارتی شیڈول عدالت میں پیش

راولپنڈی: ایف آئی نے ممبئی حملہ کیس میں بھارتی گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرانے کے لئے بھارتی حکومت کی جانب سے جاری کیا گیا شیڈول عدالت میں پیش کردیا۔ راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں ممبئی حملہ کیس کی سماعت کے دوران ایف آئی اے کے وکیل کی جانب سے آگاہ کیا گیا کہ بھارت نےگواہ پر جرح کے لئے جوڈیشل کمیشن کا شیڈول جاری کر دیا ہے جس کے تحت پاکستان سے بھارت جانے والا جوڈیشل کمیشن 8ارکان پر مشتمل ہو گا، ممبئی کے ڈپٹی چیف میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ کو جوڈیشل کمیشن کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے، کمیشن کے ارکان 15 روز قیام کریں گے جہاں وہ اجمل قصاب کا بیان ریکارڈ کرنے والی مجسٹریٹ، کیس کے تفتیشی افسر اور 2 ڈاکٹرز سمیت 4 بھارتی گواہوں پر جرح کریں گے۔ ایف آئی اے کا موقف سنے کے بعد عدالت نے کیس کی مزید سماعت 3 ستمبر تک ملتوی کردی ہے۔ واضح رہے کہ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت ممبئی میں ہونے والے دہشتگردی کے حملے کی تحقیقات کررہا ہے اس سلسلے میں تحقیقات کے لئے اجمل قصاب سمیت دیگر ارکان سے جرح کے لئے بھارتی حکومت سے درخواست کی گئی تھی۔

تبصرے بند ہیں.