ممبئی انڈینز کی نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست ، لاہور لائنز اگلے مرحلے

بھارت میں جاری چیمپئنز لیگ میں پاکستانی شائقین کی خواہش پوری ہوئی اور لاہور لائنز نے پہلے سری لنکا کو ہرایا ، پھر نیوزی لینڈ نے سابق چیمپئن ممبئی انڈینز کو دھول چٹوا کر لاہور لائنز کو اگلے مرحلے میں پہنچا دیا۔ 

رائے پور+نیٹ نیوز) کوالیفائنگ مرحلے میں اپنے تیسرے اور اہم میچ میں لاہور لائنز نے سری لنکا کی ٹیم سدرن ایکسپریس کو 55 رنز سے شکست دی۔ سری لنکا کی ٹیم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کی اور لاہور لائنز نے کپتان محمد حفیظ کی عمدہ نصف سنچری کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں پر 164 رنز بنائے۔ حفیظ نے 40 گیندوں پر پانچ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 67 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ انھیں اس کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔ ان کے علاوہ اوپنر احمد شہزاد نے 29 اور سعد نسیم نے 31 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو ایک اچھے مجموعے تک پہنچنے میں مدد دی۔ سری لنکا کی جانب سے معروف تین وکٹوں کے ساتھ نمایاں رہے۔ جواب میں سدرن ایکسپریس کی ٹیم 18ویں اوور میں 109 رن بنا کر آوٹ ہوگئی۔ جیہان مبارک نے سب سے زیادہ 35 رنز بنائے۔ سری لنکن ٹیم کے سات بلے بازوں کا سکور دہرے ہندسوں میں بھی نہ پہنچ سکا۔ پاکستان کی جانب سے اعزاز چیمہ تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے ، جبکہ وہاب ریاض اور عدنان رسول نے دو دو وکٹیں لیں۔ دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم ناردرن لائٹس نے ممبئی انڈینز کومکمل طور پر آوٹ کلاس کر کے چھ وکٹوں سے شکست دی۔ نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کو چنا۔ ممبئی انڈینز نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بنائے۔ ایک موقع پر بھارتی ٹیم کی 5 وکٹیں 46 رنز پر گر گئی تھیں لیکن پھر پولارڈ اور آخر میں گوپال اور ملنگا نے ٹیم کے سکور کو بہتر بنایا۔ جواب میں ناردرن لائٹس نے مقررہ ہدف بآسانی 18 ویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ نیوزی لینڈ کے اوپنر کین ولیمسن نے نصف سنچری سکور کی۔ وہ 53 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ چیمپئنز لیگ کے حتمی مرحلے کا آغاز کل سے چنئی سپر کنگز اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے مابین میچ سے ہوگا۔ –

تبصرے بند ہیں.