ان فٹ آسٹریلوی کپتان کلارک پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک ہیم سٹرنگ کی وجہ سے پاکستان کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز میں حصہ نہیں لیں گے ، جب کہ انہیں ٹیسٹ ٹیم میں کھلانے یا نہ کھلانے کا حتمی فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا۔ 

سڈنی (نیٹ نیوز) عالمی میڈیا کے مطابق 33 سالہ بلے باز زمبابوے کے خلاف حالیہ دورہ بھی مکمل نہیں کر پائے تھے اور ان کی جگہ ٹیم کی قیادت جارج بیلی نے سنبھالی تھی۔ آسٹریلیا کی ٹیم کے فزیوتھیراپسٹ ایلکس کونٹورس کا کہنا ہے کہ سکین سے ٹینڈن کو نقصان کی نشاندہی ہوئی ہے جس سے صحت یابی کا عمل پیچیدہ ہوگیا ہے۔ پاکستان کے خلاف پانچ اکتوبر سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہونے والی سیریز میں آسٹریلوی ٹیم ایک ٹی 20 ، تین ایک روزہ اور دو ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔ آٹھ ستمبر کو جب کرکٹ آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے اپنی ٹیم کا اعلان کیا تھا تو اس میں کلارک کو ایک روزہ اور ٹیسٹ ٹیموں میں بطور کپتان شامل کیا گیا تھا۔ آسٹریلیا کو پاکستان سے سیریز کے بعد جنوبی افریقہ کی میزبانی کرنی ہے جو تین ٹی 20 اور پانچ ایک روزہ میچ کھیلنے آئے گی۔ –

تبصرے بند ہیں.