ملک کے بالائی علاقوں میں برف باری، بابوسر شاہراہ ٹریفک کیلئے بند

اسلام آباد: ملک کے بیشتر علاقوں میں پری مون سون بارشوں کیساتھ ساتھ آزاد کشمیر، گلگت بلستان اور خیبرپختونخوا کی وادی کاغان میں برف باری بھی شروع ہوگئی۔ ملک کے بیشتر علاقوں میں پری مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جب کہ بارش کے ساتھ ساتھ آزادکشمیر کی وادی نیلم، خیبرپختونخوا کی وادی کا غان اور گلگت بلتستان کے پہاڑوں پر برف باری بھی ہوئی ہے۔ضلعی انتظامیہ دیامر کا کہنا ہے کہ بابوسر ٹاپ پر چھ انچ سے زائد برفباری ہوئی ہے جس کے بعد بابوسر شاہراہ کو ٹریفک کےلیے بند کردیا گیا ہے۔ضلعی انتظامیہ نے ہدایت جاری کی ہیں کہ زیرو پوائنٹ سے اوپر کسی بھی گاڑی کو جانے کی اجازت نہیں، موسم کی صورتحال بہتر ہونے تک تمام سیاح اور مسافر شاہراہ قراقرم پر سفر کریں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان کی وادی غذر کے بالائی پہاڑوں پر بھی برف پڑ گئی ہے جب کہ وادی کاغان کے بالائی پہاڑوں پر ژالہ باری اور ہلکی برفباری جاری ہے، بارش اور برفباری سے موسم سرد ہوگیا ہے یہ سلسلہ بدھ تک جاری رہنے کا امکان ہے ۔دوسری جانب آزادکشمیر کی وادی نیلم کے بالائی علاقوں میں بھی برفباری ہوئی ہے اور اس وقت سیاحوں کی بڑی تعداد بالائی نیلم میں موجود ہے جنہیں محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔سیاح برف دیکھنے کے لیے رتی گلی ودیگر مقامات پر پہنچ گئے ہیں جب کہ برف باری سے شاردہ میں شدید سردی ہوگئی ہے اور بچے،بوڑھے نمونیا میں مبتلا ہونے لگے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.