ملک کو بدنام کرنے پر سلمان معافی کے طلبگار

لاہور: ’’ بہت دیر کی مہرباں آتے آتے‘‘۔ 3 سال تک قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے بعد آخرکار سلمان بٹ نے اسپاٹ فکسنگ کا اعتراف کر لیا، سابق کپتان نے ملک کو بدنام کرنے پر عوام سے معافی مانگی ہے۔ گذشتہ روز لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران انھوں نے نوجوان کھلاڑیوں کو کرپشن سے دور رہنے کی ہدایت بھی کردی، سابق اوپنر نے پی سی بی کے عبوری چیئرمین نجم سیٹھی سے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے پر عائد پابندی اٹھانے میں تعاون کے لیے درخواست کی ہے، وہ بورڈ اورآئی سی سی کی طرف سے بحالی پروگرام میں شرکت پر بھی رضامند ہیں۔ تفصیلات کے مطابق 2010 کے لارڈز ٹیسٹ میں دنیائے کرکٹ کو ہلا دینے والے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل سے آلودہ کھلاڑی پہلے تو اپنے جرم سے انکاری ہوکر عدالتوں اور مختلف پلیٹ فارمز پر اپنی بے گناہی کا ڈھنڈورا پیٹتے رہے، اب وہ باری باری اپنے چہروں سے خود ہی نقاب ہٹاکر ملک کی بدنامی میں مزید اضافے کا سبب بن رہے ہیں، محمد عامر تو پہلے ہی اعتراف جرم کر چکے، اب تک مظلومیت کا رونا رونے والے سلمان بٹ بھی گذشتہ روز ضمیر کی عدالت میں جرم قبول کرنے منظر عام پر آ گئے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آئی سی سی ٹریبونل نے میرے، محمد عامر اور محمد آصف کیخلاف جو بھی فیصلہ کیا وہ درست تھا، میں کھیل کی ساکھ تباہ کرنے پر ملک و قوم اور کرکٹ کے پرستاروں سے معافی مانگتا ہوں، بڑوں کے سمجھانے اور آئی سی سی کے مشورے پر جرم قبول کررہا ہوں، جو نوجوان کھیل رہے یا کھیلنے کا ارادہ رکھتے ہیں میرا ان کو مشورہ ہے کہ خود کو ایسی منفی سرگرمیوں سے دور رکھیں جو کرکٹ کی ساکھ کو تباہ کر دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بحالی کے کسی بھی پروگرام میں شمولیت کے لیے تیار ہوں، میری 5 سالہ پابندی کے مزید2 سال باقی رہ گئے ہیں، بورڈ کے عبوری چیئرمین نجم سیٹھی سابق پیسر محمد عامر کو رعایت دلانے کے خواہاں ہیں، ان سے درخواست ہے کہ وہ مجھے بھی ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دلا دیں تاکہ پابندی ختم ہونے تک فارم اور فٹنس بحال رکھ سکوں

تبصرے بند ہیں.