بغیر ڈوپنگ جیتنا ناممکن ہے،لانس آرمسٹرونگ کا دعویٰ

پیرس: بدنام زمانہ سائیکلسٹ لانس آرمسٹرونگ نے دعویٰ کیاکہ بغیر ڈوپنگ جیتنا ناممکن ہے۔ 1999 سے 2005 تک 7 ٹور ڈی فرانس فتوحات میں بے ایمانی کرنے والے آرمسٹرونگ کا کہنا ہے کہ دنیا کی سب سے بڑی ریس میں جب تک کچھ غلط نہ کرو فتح نہیں ملتی۔ ایک سوال پر کہ کیا ان کے دور میں سائیکلسٹس نے ڈرگس کے بغیر ریسز جیتیں ؟ آرمسٹرونگ نے کہاکہ اس کا تعلق ریس سے ہوتا ہے، ٹور ڈی فرانس ریس میں ایسا بغیر ڈوپنگ کے ناممکن ہے۔ انھوں نے کہا کہ میرا نام فاتحین کی فہرست سے نکال دیا گیا لیکن کیا 1999 اور 2005 میں ریسز نہیں ہوئی تھیں؟ اگر ایسا ہوا تو یقیناًکوئی نہ کوئی تو ان میں جیتا ہوگا، وہ کون ہے؟ کوئی بھی شخص اس سلسلے میں سامنے نہیں آیا۔آرمسٹرونگ کے اس بیان پر 5 مرتبہ کے ٹور چیمپئن برنارڈ ہینالٹ نے کہا کہ انھیں پتہ ہی نہیں کہ ڈوپنگ کے بغیر ریس میں کیسے حصہ لیا جاتا ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ برس یوایس اینٹی ڈوپنگ ایجنسی نے آرمسٹرونگ کے ڈوپنگ پروگرام پر ایک رپورٹ شائع کی تھی، جس کے بعد ان پر تاحیات پابندی کے ساتھ ٹور ٹائٹلز بھی واپس لے لیے گئے تھے۔ آرمسٹرونگ نے انٹرنیشنل سائیکلنگ یونین پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یوایس آئی کے صدر پیٹ میک کوئیڈ جو چاہیں کہہ اور سوچ سکتے ہیں،انکے برسر اقتدار رہنے تک معاملات تبدیل نہیں ہوسکتے، یاد رہے کہ2013 کی ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کا آغاز ہفتے کو ہورہا ہے۔

تبصرے بند ہیں.