ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آنا شروع

راچی : ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آنا شروع ہو گئی ہے اور گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر ایک بار پھر 8 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے ہیں۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جمعرات کے روز جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق 31 جنوری 2014ء کو ختم ہونے والے مالیاتی ہفتہ کے دوران پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں 2 کروڑ 35 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے اور ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 7 ارب 99 کروڑ 39 لاکھ ڈالر سے بڑھ کر 8 ارب 1 کروڑ 74 لاکھ ڈالر ہو گئے۔ بینک دولت پاکستان کے مطابق ایک ہفتہ میں اسٹیٹ بینک کے غیر ملکی زرمبادلہ ذخائر 56 لاکھ ڈالر بڑھ گئے جس کے نتیجے میں اسٹیٹ بینک کے پاس محفوظ زرمبادلہ ذخائر 3 ارب 17 کروڑ 66 لاکھ ڈالر سے بڑھ کر 3 ارب 18 کروڑ 22 لاکھ ڈالر ہو گئے جبکہ اسی زیر تبصرت مدت میں 1 کروڑ 79 لاکھ ڈالر کے اضافے سے شیدول بینکوں کے زرمبادلہ ذخائر 4 ارب 81 کروڑ 73 لاکھ ڈالر سے بڑھ کر 4 ارب 83 کروڑ 52 لاکھ ڈالر ہو گئے۔ کئی ماہ کے بعد ملکی زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہوئے ہیں اس سے قبل اسٹیٹ بینک اور شیڈول بینکوں کے پاس محفوظ زرمبادلہ ذخائر میں مسلسل کمی واقع ہو رہی تھی۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے قرضوں کے اجراء کے بعد ملکی زرمبادلہ کے ذخائر مستقبل میں مزید مستحکم ہو سکتے ہیں جبکہ ملکی اداروں کی نجکاری اور اتصالات پر واجب ا لاداء رقم کی وصولی اور تھری جی لائسنس کے اجراء کی صورت میں قومی امکان ہے کہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 10 ارب ڈالر سے جلد تجاوز کر جائیں گے ۔

تبصرے بند ہیں.