مصباح اور یونس کی سینچریاں، پاکستانی اننگز 566 رنز پر ڈکلیئر

ٹیسٹ کرکٹ میں ریکارڈ پر ریکارڈ پاکستان کے نام، ابوظہبی ٹیسٹ میں یونس خان اورمصباح الحق کی شاندار سنچریاں، پہلے پانچ کھلاڑیوں کا 80 سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ، پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلی اننگز 566 رنز پر ڈکلیئر کردی.

ابوظہبی: ویب ڈیسک) ابوظہبی میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 566 رنز بنا کر اپنی اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ پاکستانی بلے بازوں کی جانب سے آج بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا۔ کپتان مصباح الحق اور یونس خان نے سینچریاں سکور کرکے پاکستانی ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا۔ مصباح الحق 102 جبکہ یونس خان 100 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔ مصباح الحق نے ایک چھکا اور 9 چوکوں کی مدد سے اپنی سینچری مکمل کی جبکہ یونس خان نے 10 چوکوں کی مدد سے اپنی سینچری مکمل کی۔ یونس خان کی تیسرے ٹیسٹ میچ میں چوتھی سنچری ہے۔ اس سے قبل انھوں نے آسٹریلیا کے خلاف 2 سنچریاں اور ایک ڈبل سنچری سکور کی تھیں۔ آج پیر کو احمد شہزاد اور اظہر علی نے اننگز دوبارہ شروع کی اور سکور میں مزید 78 رنز کا اضافہ کیا۔ احمد شہزاد نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنا بہترین سکور بھی بنایا۔ وہ 176 رنز بنانے کے بعد کوری اینڈرسن کے تیز باؤنسر سے بچنے کی کوشش میں ہٹ وکٹ آؤٹ ہو گئے تھے۔ اظہر علی کو لیگ سپنر اش سوڈھی نے بولڈ کیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ایم ڈی کریگ اور اش سوڈھی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ –

تبصرے بند ہیں.