احمد شہزاد بائونسر لگنے سے زخمی، سر میں فریکچر ہوگیا

پاکستان کے نوجوان بلے باز احمد شہزاد نیوزی لیںڈ کے بائولر کورے ایںڈرسن کا بائونسر لگنے سے زخمی ہوگئے۔ پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ احمد شہزاد کے سر میں فریکچر ہونے سے 48 گھنٹے تک انھیں ڈاکٹروں کی زیر نگرانی رکھا جائے گا.

ابوظہبی: (ویب ڈیسک) ابوظہبی میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ میں احمد شہزاد نیوزی لینڈ کیخلاف ڈبل سنچری کی جانب گامزن تھے کہ 176 کے مجموعی سکور پر کورے اینڈرسن کے باﺅنسر نے انہیں زخمی کر دیا جس پر ان کا بیٹ وکٹوں کو جا لگا اور ایمپائرز نے آﺅٹ قرار دے دیا۔ ڈاکٹرز نے گراﺅنڈ میں معائنہ کرنے کے بعد احمد شہزاد کو ہسپتال منتقل کروا دیا جہاں ان کی کی سکیننگ جاری ہے جس کی حتمی رپورٹ کے بعد ان کا ٹیسٹ کھیلنے یا نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڑ کے حکام کا کہنا ہے کہ سر پر گیند لگنے سے احمد شہزاد کو فریکچر ہو گیا ہے. ڈاکٹروں کی ہدایت کے مطابق انھیں 48 گھنٹے ہسپتال میں‌ رکھا جائے گا. احمد شہزاد پہلی ڈبل سینچری بنانے میں کامیاب نہ ہو سکے مگر انہوں نے پاکستان کے مایہ ناز سابق بلے باز لٹل ماسٹر حنیف محمد کا کم عمر میں ایک ٹیسٹ میں لمبی اننگز کھیلنے کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ احمد شہزاد نے 23 سال کی عمر نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 176رنز بنا کر لٹل ماسٹر حنیف محمد کا ریکارڈ توڑا جبکہ ٹیسٹ میں 150 رنز بنانے والے پاکستان کے کم عمر ترین بیٹسمین بھی بن گئے ہیں۔ حنیف محمد نے 1957-58ء میں ویسٹ انڈیز کیخلاف برج ٹاﺅن میں 499 رنز کی اننگز کھیلی تھی جو کسی بھی کم عمر پاکستانی کی لمبی اننگز تھی جس پر انہیں لٹل ماسٹر کا خطاب دیا گیا تھا۔ –

تبصرے بند ہیں.