اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے برطانیہ کے نائب وزیر خارجہ ہمیش فالکنر نے ملاقات کی، جس میں پاک برطانیہ تعلقات، خطے کی مجموعی صورتحال اور باہمی تعاون کے مختلف شعبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران برطانوی نائب وزیر خارجہ ہمیش فالکنر نے ایران اور امریکہ کے درمیان مفاہمت کے لیے پاکستان کے مثبت اور مؤثر کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور عاصم منیر نے خطے میں امن کے قیام کے لیے تاریخی کردار ادا کیا ہے، تاہم ایران اور امریکہ کے درمیان مفاہمت کی کوششوں نے پاکستان کو عالمی امن کے علمبردار کے طور پر اجاگر کیا ہے۔ملاقات میں دونوں ممالک نے انسداد دہشت گردی، غیر قانونی مائیگریشن کی روک تھام، ادارہ جاتی تعاون اور پولیس ٹریننگ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ اپ سکیل پراجیکٹ کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور اس کے ذریعے پاکستانی اداروں کی استعداد کار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، پاکستان میں غیر قانونی مائیگریشن اور انسانی سمگلنگ کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔دونوں رہنماؤں نے جعلی سٹوڈنٹ ویزوں کے مسئلے کے حل کے لیے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے اور قریبی تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ متعدد دہشت گرد تنظیمیں افغانستان سے سرگرم ہیں اور افغان حکومت کو اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔ملاقات کے اختتام پر محسن نقوی نے پاک برطانیہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے باہمی تعاون کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔
تبصرے بند ہیں.