تہران، مقبوضہ بیت المقدس:ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کی قیادت میں پاسداران انقلاب نے اسرائیل پر نئے میزائل حملے کر دیئے، اسرائیلی فوج لبنان میں داخل ہو گئی، حزب اللہ سے جھڑپوں میں شدت آ گئی، اسرائیلی فوجی ہیلی کاپٹر تباہ ہو گیا جبکہ بحرین میں ڈرون حملے سے 32 افراد زخمی ہو گئے۔ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق ملک نے اپنے نئے رہنما مجتبیٰ خامنہ ای کی قیادت میں پہلی بار سرائیل کی جانب میزائل داغے ہیں، میزائل کی تصویر بھی جاری کی گئی جس پر لکھا ہوا تھا ، ’’لبیک سید مجتبیٰ‘‘۔اس سے پہلے مجلس خبرگان رہبری نے آیت اللہ خامنہ ای شہید کے بیٹے مجتبیٰ علی کو تیسرے سپریم لیڈر کے طور پر متعارف کرایا اور مقرر کر دیا ہے، ایران کی سیاسی و عسکری قیادت نے نئے سپریم لیڈر کے ساتھ وفاداری کا عہد بھی کیا ہے۔امریکا اور اسرائیل نے دو دن قبل تہران میں آئل ڈپو پر حملے کیے جس سے تیل کے ذخائر میں آگ بھڑک اٹھی، تیل بہنے سے سڑکوں پر بھی آگ پھیلتی نظر آئی۔ایرانی دارالحکومت تہران میں اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد تباہ ہونے والے تیل کے ڈپو سے بہنے والا تیل شہر کے سیوریج نظام میں داخل ہوگیا، جس کے نتیجے میں سڑکوں کے کناروں پر آگ بھڑک اٹھی اور اسے مقامی طور پر آگ کی ندی قرار دیا جا رہا ہے۔نیویارک میں قائم انسانی حقوق تنظیم نے اپنی نئی رپورٹ میں کہا ہے کہ اس نے 7 تصاویر کی تصدیق کی ہے جن میں جنوبی لبنان کے رہائشی علاقے Yohmor پر وائٹ فاسفورس کے گولے فائر ہوتے دکھائی دیتے ہیں۔ہیومن رائٹس واچ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اسرائیل نے جنوبی لبنان کے گنجان آباد رہائشی علاقوں میں وائٹ فاسفورس کے گولے برسائے جبکہ 3 مارچ کو کیے گئے ان حملوں کے نتیجے میں کم از کم دو گھروں میں آگ بھڑک اٹھی۔سپین اور جرمنی کے بعد سوئٹزرلینڈ نے بھی ایران پر امریکی اسرائیلی حملوں کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دے دیا، امریکا اور اسرائیل نے ایران پر فضائی حملہ کرکے بین الاقوامی قانون کو توڑا ہے، تمام فریق سویلین آبادی کے تحفظ کیلئے لڑائی بند کردیں۔سوئس وزیر دفاع فِسٹر کے مطابق فیڈرل کونسل کی رائے ہے کہ ایران پر حملہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے، ہمارے نزدیک یہ تشدد کی ممانعت کے قانون کی خلاف ورزی ہے، وہ ان تمام ممالک کا ذکر کر رہے ہیں جو تشدد کی ممانعت کی پاسداری نہیں کر رہے، بشمول امریکا اور اسرائیل۔مشرقی لبنان میں اسرائیلی زمینی فوج داخل ہوگئی جس کے بعد لبنانی افواج سے جھڑپیں شروع ہوگئیں، اسرائیلی فوج ہیلی کاپٹر کے ذریعے مشرقی لبنان میں اتری۔لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے ایک اسرائیلی ہیلی کاپٹر کو تباہ کر دیا، اسرائیل نے دارالحکومت بیروت کے نواحی علاقے الغبیری پر حملے کیے جس میں کئی شہری شہید اور زخمی ہو گئے۔
تبصرے بند ہیں.